6لاکھ گھوسٹ ملازمین اورپنشنرز43ارب روپے ملکی خزانے سے لوٹ رہے ہیں،وسیم اختر
لاہور( نمائندہ خصوصی)پارلیمانی لیڈرصوبائی اسمبلی وامیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہاہے کہ ملک میں کرپشن کی روک تھام کیلئے ایماندار اور محب وطن قیادت کی اشد ضرورت ہے۔وطن عزیز کی تاریخ کرپشن وفراڈ کے واقعات سے بھری پڑی ہے۔جوجتنا کرپٹ ہے اسے اتنا ہی بڑا عہدہ ملاہواہے۔ہر سمت ملک وقوم کودونوں ہاتھوں سے لوٹنے والوں کی داستانیں میڈیا کی زینت بن کر قوم کے سامنے آرہی ہیں۔سینیٹ کمیٹی خزانے کے مطابق ملک میں 6لاکھ گھوسٹ ملازمین اورپنشنرزسالانہ43ارب روپے ملکی خزانے سے لوٹ رہے ہیں اور کوئی ان سے پوچھینے والانہیں۔انہوں نے کہاکہ بائیومیٹرک نظام کے ذریعے گھوسٹ ملازمین،پنشنرزاور اداروں میں خردبرد کرنے والوں کاسراغ لگایاجائے۔یہ ملکی تاریخ کابہت بڑافراڈ سامنے آیا ہے کہ جس کی مکمل تحقیقات ہونی چاہئیں اور قومی خزانے کونقصان پہنچانے والوں کو جلدازجلدانصاف کے کٹہرے میں لایاجاناچاہئے۔ملک ایک طرف مہنگائی،بے روزگاری،لاقانونیت،دہشتگردی اور توانائی بحران جیسے سنگین مسائل کاشکار ہے دوسری جانب کرپشن کے ناسور نے پورے نظام کومفلوج کرکے رکھ دیا ہے۔ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہاکہ ملکی معیشت پہلے ہی زبوں حالی کاشکار ہے۔کل تک جوادارے منافع بخش تھے آج حکمرانوں کی نااہلی اور اقرباپروری کی بدولت نجکاری کے دھانے تک پہنچ چکے ہیں۔حکومت اپنی ناکامی چھپانے کے لئے ان اداروں کی نجکاری کررہی ہے جس کابراہ راست اثر معیشت پر پڑے گا اور بے روزگاری کی وجہ سے غریب پہلے سے زیادہ غریب ہوجائے گا۔وسائل سے مالاملک حکمرانوں کے ناعاقبت اندیش فیصلوں کی بدولت بحرانستان بن چکا ہے۔حکومت ودہولڈنگ ٹیکس لگانے کی بجائے ٹیکس نیٹ ورک کومنظم وموثر بناتے ہوئے خرابیوں کودور کرے۔عوام پرٹیکسوں کے بوجھ بڑھانے سے ان کے مسائل مزیدبڑھ جائیں گے۔دانشمندانہ حکمت عملی سے ہی پاکستان کودرپیش بحرانوں سے نجات دلائی جاسکتی ہے۔