علامہ اقبال میڈیکل کالج اور جناح ہسپتال میں ہفتہ صفائی ،شجر کاری کا آغاز

لاہور(پ ر)علامہ اقبال میڈیکل کالج اور جناح ہسپتال میں ہفتہ صفائی اور شجر کاری مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے جس کے دوران ہسپتال کا تمام عملہ کالج اور ہسپتال کی حدود میں صفائی ، ہاسپٹل ویسٹ مینجمنٹ ، انفیکشن کنٹرول اور دیگر امور میں بھر پور حصہ لے گااور محکمہ جنگلات کے تعاون سے ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنے کے لئے درخت بھی لگائے جائیں گے۔یہ بات میڈیکل سپرنٹنڈنٹ جناح ہسپتال ڈاکٹر سہیل ثقلین نے بتائی ۔انہوں نے کہا ہفتہ صفائی کے پہلے روز ڈاکٹرز ، نرسز اور پیرا میڈیکس کے لئے ہاسپٹل ویسٹ مینجمنٹ، آپریشن تھیٹر ز اور وارڈوں میں انفیکشن کنٹرول کے بارے تربیتی ورکشاپ منعقد کی گئی۔انہوں نے بتایا کہ اس موقع پر صفائی اور حفظان صحت کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لئے علامہ اقبال میڈیکل کالج سے ہسپتال تک آگاہی واک کا اہتمام بھی کیا گیا جس کی قیادت پرنسپل پروفیسر راشد ضیاء نے گی ۔