تحریک انصاف کے خلاف سازشیں کرنے والے ناکام ہونگے،عبدالعلیم خان


لاہور(نمائندہ خصوصی)تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ عمران خان اور ان کے ساتھیوں کے خلاف حکومت کی ڈس انفارمیشن مہم اپنی موت آپ مر جائے گی اور پی ٹی آئی کے خلاف محلاتی سازشیں کرنے والے ناکام ہوں گے انہوں نے کہا کہ حکومتی اداروں کو استعمال کر کے من پسند نتائج حاصل کرنے کی خواہش پوری نہیں ہو گی نواز لیگ کے پی کے کی حکومت کا کارکردگی میں مقابلہ کرنے کی بجائے اوچھے ہتھکنڈے اختیار کر رہی ہے انہوں نے کہا کہ آج جمہوریت کا درس دینے والوں نے ماضی میں بھی کردار کشی اور خود ساختہ سکینڈلوں کی سیاست کی عبدالعلیم خان نے چیئرمین سیکر ٹریٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کے کریڈٹ پر گزشتہ 20برسوں کی سیاسی جدوجہد ہے اور بالخصوص گزشتہ 5برسوں میں آنے والے انقلاب کے سامنے کوئی نہیں ٹھہر سکے گا انہوں نے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ نواز لیگ نے2013میں عمران خان کے خلاف انتخابات میں جیتنے کیلئے "میچ فکس "کیالیکن اب عوام ایسا کرنے کی اجازت نہیں دیں گے اور آئندہ انتخابات جب بھی منعقد ہوئے تحریک انصاف کا پلڑا بھاری ہو گا اور کامیابی عمران خان کے قدم چومے گی ۔