نبی کریمؐ سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے ،بیگم مہناز رفیع
لاہور (جنرل رپورٹر) نبی کریمؐ سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے ۔ دنیاوآخرت میں کامیابی وکامرانی حاصل کرنے کیلئے حضور اکرمؐ کی تعلیمات پر عمل کرنے کے سوا اور کوئی راستہ نہیں ، نبی کریمؐ نے خواتین کے ساتھ خاص طور پر اچھا برتاؤ کرنے کا حکم دیا ان خیالات کااظہار مقررین نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان، لاہور میں تقریبات عید میلاد النبیؐ کے سلسلے میں ’’محفل میلاد النبیؐ برائے خواتین ‘‘ کے دوران کیا۔ اس بابرکت روحانی محفل کا انعقاد نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے شعبۂ خواتین نے تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا تھا۔اس موقع پر نظریۂ پاکستان ٹرسٹ شعبۂ خواتین کی کنوینر بیگم مہنازرفیع، سیکرٹری بیگم صفیہ اسحاق،کنو ینر مادرملتؒ سنٹر پروفیسر ڈاکٹر پروین خان،ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی، نبیرہ عندلیب نعیمی، بیگم صباحت رمضان سیالوی، پروفیسر سیدہ تسکین شاہد، پروفیسر حنا رضوی، نائلہ عمر ،رضیہ اختر، سنبل ،سلمیٰ ، مس خالدہ، ممبران لاہور لیڈیز کلب سمیت مختلف شعبہ ہائے حیات سے تعلق رکھنے والی خواتین کثیر تعدادمیں موجودتھیں۔اس بابرکت محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک اورنعت رسول مقبولؐ سے ہوا۔بیگم مہنازرفیع نے کہا کہ نبی کریمؐ کی اس دنیا میں آمد کائنات کی تاریخ میں وہ بابرکت لمحہ ہے جب پوری دنیا کی کایا پلٹ گئی۔آپؐ نے انسانیت کو فکری انقلاب سے روشناس کروایا۔ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی نے کہا کہ نبی کریمؐ کا اسوہ ہمارے لیے بہترین نمونہ ہے۔اتبا ع رسولؐ میں ہی دنیا و آخرت کی کامیابی ہے۔ امت مسلمہ نامو س رسالت کے تحفظ کیلئے متحد ہو جائے۔نبیرہ عندلیب نعیمی نے کہا کہ نبی کریمؐ سے محبت ہمارا اثاثہ اور ایمان کا حصہ ہے ،آج دشمن ہمارے اس اثاثہ پر حملہ کر رہا ہے۔ایسے حالات میں امت مسلمہ کے اتحاد واتفاق کی اشد ضرورت ہے۔ بیگم صباحت رمضان سیالوی نے کہا کہ آپؐ کی حیات طیبہ ہمارے لیے بہترین نمونہ ہے اور ہمیں ہر حال میں اس کی پیروی کرنی چاہئے۔نبی کریمؐ نے انسانیت کو خلوص‘ ایمانداری اور دیانتداری کی تعلیمات اور لوگوں کو انسانیت کی خدمت کرنے کا درس دیا۔پروفیسر ڈاکٹر پروین خان نے کہا کہ آپؐ کو تمام جہانوں کیلئے رحمت بنا کر بھیجا گیا ہے۔ آج ہمیں جن مسائل کا سامنا ہے اس کی اصل وجہ دین اسلام سے دوری اور آپؐ کی تعلیمات پر عمل پیرا نہ ہونا ہے ۔بیگم صفیہ اسحاق نے بھی خطاب کیا، محفل کے دوران جیاء نثار، ثناء حنیف، رابعہ پرویز، گلناز قادر، سحرش سعید، حلیمہ یوسف، زلیخا بلال، ماہم بشیر، حافظ رمشا امین، ارم شہزادی، سحرش ثناء، سنبل مدثر مع ساتھی طالبات نے نبی پاکؐ کے حضورنذرانۂ عقیدت پیش کیا۔محفل میلاد کے اختتام پر نبی پاکؐ کے حضور درودوسلام پڑھا گیا جبکہ پروفیسر ڈاکٹر پروین خان نے ملکی ترقی واستحکام کیلئے خصوصی دعاکروائی۔آخر میں لنگر تقسیم کیا گیا۔