ڈاکٹر عبدالقدیر خان کا ڈاکٹر اے کیو خان ہسپتال ٹرسٹ کا دورہ

ڈاکٹر عبدالقدیر خان کا ڈاکٹر اے کیو خان ہسپتال ٹرسٹ کا دورہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (پ ر)ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا ہے کہ غریب عوام کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں تاکہ ان کو صحت سے متعلق مسائل میں کمی لائی جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈاکٹر اے کیو خان ہسپتال (ٹرسٹ) کے دورہ کے موقع پر کیا۔ اس دوران انہوں نے زیر علاج مریضوں سے بھی ملاقات کی اور ان سے فراہم کی جانے والی سہولیات سے متعلق پوچھا۔ مریضوں نے ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر شوکت ورک بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے ہسپتال کی تعمیر کیلئے عطیات دینے والے مخیر حضرات سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ مخیر حضرات کی مدد سے عوام کو بہتر سے بہتر علاج کی سہولیات فراہم کی جا سکتی ہے۔






اس کیلئے ہر فرد کو اپنا بھرپور حصہ ڈالنا ہوگا۔ علاوہ ازیں ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے ہسپتال کے زیر تعمیر شعبوں کا بھی معائنہ کیا۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے ڈاکٹروں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ انسانیت کی خدمت کیلئے بہترین علاج معالجہ کی سہولیات اسی طرح جاری رکھیں ۔




ان میں کسی بھی قسم کی کمی نہیں آنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد ہسپتال کی تعمیر مکمل ہونے سے مزید مریض اس ہسپتال سے مستفید ہو سکیں گے۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے ہدایت دی کہ مریضوں کیلئے فری میڈیکل کیمپ کا مسلسل انعقاد کیا جانا چاہیے اور مریضوں کو بیماریوں سے بچاؤ کیلئے آگاہی مہم بھی چلائی جائے۔