دہشتگردوں نے یہودی ایجنٹوں کا کردار ادا کیا ہے،اعجاز ہاشمی
لاہور (نمائندہ خصوصی) جمعیت علما پاکستان کی مجلس شوریٰ او رمجلس عاملہ کا مشترکہ اجلاس مرکزی صدر پیر اعجاز احمدہاشمی کی زیر صدارت ہوا جس میں سندھ، پنجاب، بلوچستان، خیبر پختونخواہ، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سے اراکین سمیت شاہ اویس نورانی ،قاری زوار بہادر، مفتی ابراہیم ، فیاض خان،مولانا عبدالمجید نے شرکت کی۔ میڈیا سیل کے مطابق اجلاس سے خطاب میں پیر اعجاز ہاشمی نے کہاکہ کفر اور شرک کے نعرے لگانے والے دہشت گردوں نے اسلام دشمنوں اور یہودی ایجنٹوں کا کردار ادا کیا ہے فوج کے دہشت گردی کے خلاف اقدامات کی مکمل حمایت کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ جے یو پی اتحاد اہل سنت ہی نہیں اتحاد امت پر بھی یقین رکھتی ہے عملی طور پر اسے ملی یکجہتی کونسل اور متحدہ مجلس عمل قائم کرکے ثابت بھی کیا ہے مگر افسوس کہ اب اتحاد امت کایہ پلیٹ فارم اب اپنی افادیت کھو بیٹھا ہے۔ پیر اعجاز ہاشمی نے مذہبی جماعتوں کے سیاسی اتحاد کی ضرورت پر زوردیتے ہوئے کہا ہے کہ قائد ملت اسلامیہ علامہ شاہ احمد نورا نی مرحوم کے مشن کے وارث اتحاد امت میں ہراول دستے کا کردار اداکریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر کمزور حکومتی موقف نے قوم کو شرمندہ اور کشمیری قیادت کومایوس کیا ہے ۔
جس کے ازالے کے لئے سیاسی دباو بڑھانا چاہیے جے یو پی کے مرکزی صدر نے تنظیمی عہدیداروں سے خود احتسابی کی ضرورت پر زوردیتے ہوئے کہا کہ خالی عہدوں پرمتحرک نظریاتی نوجوان کارکنوں کو تعینات کیا جا ئے جبکہ جمعیت علما پاکستان کو وسعت دینے کے لئے خواتین، لائرز،مزدور کسان، طلبا،تاجرکو متحرک اور اقلیتی ونگ کو تشکیل دے کر قومی پلیٹ فار م کوتمام طبقات تک پہنچایا جائے ۔ انہوں نے جوڈیشل کمیشن رپورٹ کی روشنی میں صا ف شفاف انتخابات کے لئے پارلیمنٹ کے اندر اور باہر موجود جماعتوں کو اعتماد میں لینے کے لئے آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد کا بھی مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جے یو پی سندھ اور پنجاب کے بلدیاتی ا نتخابات میں مقامی سطح پر سیاست اور خدمت کا جذبہ رکھنے والے صالح نوجوانوں کو آ گے لائے گی۔