کرپشن کے خاتمہ سے ہی ملک خوشحالی و ترقی کی راہوں پر گامزن ہوگا ،بلال شیرازی
لاہور(جنرل رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنما و مسلم لیگ یوتھ ونگ کے مرکزی صدر سید بلال مصطفی شیرازی نے کہا ہے کہ کرپشن کے خاتمہ سے ہی ملک خوشحالی و ترقی کی راہوں پر گامزن ہوگا کرپشن ملک کو دیمک کی طرح چاٹ رہی ہے اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر ہی اس کا خاتمہ ممکن ہے انہوں نے کہا کہ ہر سال اربوں روپے کرپشن کی نذر ہورہے ہیں اور یہ قومی خزانے سے یہ رقم خرد برد کرکے بیرون ملک ارسال کرکے ملک کو نقصان پہنچایا جارہا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کرپشن کے خاتمہ کے عالمی دن کے موقع پر یوتھ ونگ کے عہدیداروں اور کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
سید بلال مصطفی شیرازی نے کہا کہ ملک کے سابق وزیر اعظم سے جب ان کے اہل خانہ اور بچوں کی لندن میں جائیدادوں،قیمتی فلیٹ اور کاروبار کے بارے میں رقم کے بابت عدالت کے حکم پر نیب میں کیس چلا تو بجائے اس کے کہ وہ اپنی دولت کے بارے میں نیب کو معلومات فراہم کرتے انہوں نے ملک میں آنے اور قانون کا سامناکرنے کی زحمت ہی گوارا نہ کی اورنیب نے انہیں اشتہاری قرار دے دیا ہے انہوں نے کہا کہ جب حکومتی سطح پر برسراقتدار طبقہ ہی کرپشن میں ملوث ہوتو عام آدمی سے ایمانداری کی کس طرح توقع کی جاسکتی ہے ۔کرپشن کے خاتمہ کیلئے ملک میں اسلامی نظام کا سختی سے نفاذ ضروری ہے تاکہ صدروزیراعظم سے لیکر نچلی سطح تک سب کا احتساب ہواور کسی کو کرپشن کرنے کی جرات نہ ہو۔کرپشن سے پاک معاشرہ سے ہی ملک خوشحالی و ترقی کی راہوں پر گامزن ہوگا۔