ملک میں مہنگائی کی شرح میں کئی گنا اضافہ انتہائی تشویشناک ہے،جمشید چیمہ
لاہور(نمائندہ خصوصی )تحریک انصاف پنجاب کے سینئر نائب صدر جمشید اقبال چیمہ نے کہاہے کہ ملک میں آنے والے دنوں میں مہنگائی کی شرح میں کئی گنا اضافے کی پیشگوئی کی گئی ہے جو انتہائی تشویشناک ہے ، گیس کے ٹیرف میں بھی مزید اضافے کی منصوبہ بندی کی شنید ہے جس سے عوام کی مشکلات مزید بڑھ جائیں گی۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وژن سے عاری حکومت کا ہر دن عوام کو مشکلات کی دلدل میں دھکیل رہا ہے۔
اور اس کے باوجود سب اچھا کی رپورٹ دے کر عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکی جارہی ہے۔
آنے والے دنوں میں پیٹرولیم مصنوعات، کھانے کا تیل ، دالوں سمیت دیگر اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں 20فیصد تک اضافے کی پیشگوئی کی گئی ہے جو انتہائی تشویشناک ہے ۔
حکومت سے مطالبہ ہے کہ کرپشن کرنے اور چھپانے سے توجہ ہٹا کر ملک اور اس میں بسنے والے پسے ہوئے طبقات پر بھی نظر ڈال لی جائے ۔
جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ آنے والے دنوں میں تجربہ کار حکمرانوں کی ناکامیوں پر حقائق نامہ جاری کیا جائے گا اور اعدادوشمار کے ساتھ ان کے دعوؤں کو غلط ثابت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں اور پاکستان کا ایک ساتھ چلنا مشکل ہو گیا ہے اس لئے عوام آئندہ عام انتخابات میں اقتدار کی باریاں لینے والوں سے پیچھا چھڑانے کااٹل فیصلہ کر چکے ہیں۔