حاجی کیمپ کے گرد ریڑھیوں کی بھر مار ،ٹی ایم او شکایات کے باجود کاروائی سے گریزاں
لاہور( ڈویلپمنٹ سیل)حاجی کیمپ لاہور کے ارد گرد لنڈے کی ریڑھیوں کا قبضہ، پولیس اورٹاون اہل کاروں کی ملی بھگت سے لنڈے کے سامان کی ریڑھیاں ہی ریڑھیاں ، ہر طرف ناجائز تجاوزات کی بھر مار،سردیوں کی وجہ سے لنڈے میں اضافہ ہونے کی وجہ سے ریڑھی والوں نے حاجی کیمپ کی دیواروں کے ساتھ ساتھ حاجی کیمپ کے گیٹ کے آگے بھی ریڑھیاں لگانا شروع کر دی ہیں جس کی وجہ سے ٹریفک کا نظام بھی درہم برہم ہو رہا ہے اور ہر وقت ٹریفک جام رہتی ہے اور پیدل چلنے والوں کو بھی دشواری کا سامنا ہے حاجی کیمپ لنڈا بازار کا نمونہ پیش کر رہا ہے حاجی کیمپ کے اندر داخل ہونا بھی مشکل بنا دیا گیا ہے،ڈائریکٹر حاجی کیمپ لاہور سعید احمد ملک بھی سر پکڑ کر بیٹھ گئے ڈائریکٹر حج سعید احمد ملک نے روزنامہ پاکستان کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ TMOکو بار بار لکھ چکے ہیں کہ حاجی کیمپ حساس علاقہ ہے چاروں اطراف سے لنڈے کی درجنوں ریڑھیوں نے گھیر رکھا ہے جس سے کسی بھی وقت نا خوش گوار واقع پیش آ سکتا ہے مگرTMOاور پولیس ایکشن لینے کے لیے تیار نہیں مجبور ہو کر میڈیا کو توجہ دلا رہے ہیں ،سعید احمد ملک نے ڈی سی او لاہور اورسی پی او لاہور سے مطالبہ کیا ہے کہ حاجی کیمپ کے گیٹ اور اطراف میں موجود ناجائز تجاوزات فوری ختم کروائیں ۔