جنگ مردوں سے ہوتی ہے بچوں سے نہیں،دہشتگردوں نے بزدلانہ کام کیا، علی احمد ڈگیہ
لاہور( پ ر)جنگ مردوں سے ہوتی ہے بچوں سے نہیں ،پاکستان کے مستقبل کو لہو میں ڈبودینے والے وہ پھول جو اس گلستان کی بہار بنتے ،عروج سے پہلے ہی زوال کی نذر ہوگئے ان خیالا ت کا اظہارمسلم لیگ (ن) کے راہنما علی احمد ڈگیہ بیگم کو ٹ چوک میں واقع اپنی رہائش گاہ پر صحافیوں سے گفتگو کر تے ہو ئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ 148سے زائد سے ماؤں کے کلیجے کے ٹکڑے چھین لینا کتنا بڑا ظلم ہے ان معصوم فرشتوں نے کسی کا کیا بگاڑا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مستقبل کے دشمن کبھی پولیو کے قطرے پلانے والی ٹیموں کو شہید کیا جاتاہے اور کبھی سکولوں میں بارود گردی پھیلادی جاتی ہے انہوں نے کہا کہ سانحہ پشاور میں ماؤں کے لال چھن گئے گھرویران ہوگئے ،ظلم وبربریت کی ایسی مثال پوری دنیا میں نہیں ملتی ۔انہوں نے کہا کہ اس سانحہ پر پوری قوم اشک بار ہے اورہردل خون کے آنسوں رورہاہے ۔ا نہوں نے مطالبہ کیا ہے اللہ اکبر کا نعرہ لگا کر اسلام کو بدنام کرنے والے دہشت گردوں کو جلد گرفتار کرکے انہیں کیفرکردار تک پہنچایا جائے ۔