نوجوان نسل کو دہشت گرد تنظیموں سے بچانے کیلئے علماء کو میدان میں آنا ہوگا،زاہد حسین قاسمی
لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)نوجوان نسل کو داعش جیسی دہشت گرد تنظیموں کے نظریات سے بچانے کیلئے علماء کو میدان میں آنا ہوگا۔ملک میں پائیدار قیام امن کیلئے منبر ومحراب کا کلیدی کردار ہے۔۔ملک کو دہشت گردی ، بدامنی سے نجات دلانے کیلئے آپریشن رد الفساد کو کامیاب بنانا ہوگا۔ یہ بات پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین اور ممبر اسلامی نظریاتی کونسل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم یافتہ نوجوان دہشت گرد تنظیموں کا ہدف ہیں۔نوجوان نسل کو دہشت گرد تنظیموں کے باطل نظریات سے بچانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔داعش جیسی تنظیمیں اسلامی ممالک میں دہشت گردی اور بد امنی پیدا کرنے کیلئے بنائی گئی ہیں۔
۔ اسلام بے گناہ انسانیت کے قتل کی اجازت نہیں دیتا۔ اسلام کے نام پر انسانیت کا ناحق خون بہانے والوں اسلام اور مسلمانوں کے دشمن ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں دینی جماعتوں کے قائدین اور علماء سے مل کر دہشت گردی کے خاتمے کیلئے مل بیٹھ کر باہمی مشاورت سے حکمت عملی طے کرنا ہوگی۔ وطن عزیز میں محب وطن علماء نے ہمیشہ تشدد کی حوصلہ شکنی کی ہے اور مثبت سوچ کو فروغ دیا ہے ۔پاکستان علماء کونسل ملک میں اعتدال پسندی کے فروغ کیلئے کوشاں ہے اور نوجوان نسل کو اپنے اسلاف کے طریقے پر لانے کیلئے آگاہی مہم جاری رکھے ہوئے ہے۔ جب تک علماء ربانی اس ملک میں اپنا کردار اداکرتے رہیں گے دشمن کی مذموم مقاصد اور سازشیں کامیاب نہیں ہوسکتیں ۔ داعش اور اس جیسی دہشت گرد تنظیموں کیخلاف آرمی چیف کے جرأت مندانہ مؤقف کی تائید کرتے ہیں۔ علماء کونسل دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاک فوج کے شانہ بشانہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ داعش اور اس جیسی دہشت گرد تنظیموں سے منسلک افراد اور ان کے باطل نظریات سے نوجوان نسل کو بچانے کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ اگست کے بعد ملک بھر میں نوجوان نسل کو داعش کے نظریات سے دوررہنے کیلئے مساجد ،مدارس میں آگاہی مہم شروع کی جائے گی۔