ایل جی ایچ میں پی جی ایم آئی کا دو روزہ سائنٹیفک سمپوزیم کل شروع ہوگا

لاہور( جنرل رپورٹر) پرنسپل امیرالدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر غیاث النبی طیب نے کہاہے کہ ایل جی ایچ میں پی جی ایم آئی کا کل21 مارچ(منگل) سے دو روزہ ساتواں سالانہ سائنٹیفک سمپوزیم شروع ہو رہا ہے جو نوجوان ڈاکٹرز کے علم ، مشاہدے اور تجربے کو اپ ڈیٹ کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا اورجدید زمانے کی بیماریوں کے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کیلئے طب کے میدان میں تحقیق کی نئی راہوں کی نشان دہی کرے گا۔پروفیسر غیاث النبی طیب سمپوزیم کے انتظامات کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔ اس موقع پر پروفیسر آغا شبیر علی نے بتایا کہ مذکورہ سمپوزیم کے آغاز سے پہلے30 پری ورکشاپس منعقد ہوئی ہیں۔
جو نوجوان ڈاکٹروں کی تربیت اور ذہن سازی کا اہم ذریعہ ثابت ہوں گی۔انہوں نے بتایا کہ سمپوزیم کے دوران سینئر پروفیسرز خصوصی لیکچرز دیں گے اور ماہرین طب اپنے ریسرچ پیپرز پڑھیں گے جبکہ مختلف بیماریوں کی آگاہی کے لئے خصوصی پوسٹرز کی نمائش بھی اس سمپوزیم کا حصہ ہو گی ۔ پروفیسر غیاث النبی طیب نے اس توقع کا اظہار کیا کہ نوجوان ڈاکٹرز اور میڈیکل کے طلباء و طالبات سمپوزیم میں شرکت یقینی بنا کر اپنی عملی مہارت میں اضافے کے اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے ۔