یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں طبی اخلاقیات پر پہلی بین الاقوامی کانفرنس کا آغاز


لاہور(جنرل رپورٹر) یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں طبی اخلاقیات پر پہلی بین الاقوامی کانفرنس پیر کے روز شروع ہوگئی۔ 2روزہ کانفرنس کا انعقاد سنٹر فار بائیو میڈیکل ایتھکس اینڈ کلچر، ایس آئی یو ٹی کراچی کے اشتراک سے کیا جارہا ہے۔ افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی چیئرمین پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر محمد نظام الدین تھے۔ اپنے خطاب میں پروفیسر محمد نظام الدین نے کہا کہ اخلاقیات کی ضرورت زندگی کے تمام شعبوں میں ہے لیکن میڈیکل کا شعبہ اس سلسلے میں کلیدی کردار ادا کرسکتا ہے۔ ہم دیکھ رہے ہیں کہ ڈاکٹروں کے رویے کے بارے میں لوگوں کی شکایات بڑھ رہی ہیں اس حوالے سے ڈیٹا جمع کرنے اور تحقیق کی ضرورت ہے۔


۔کانفرنس کے کوآرڈینٹر ڈاکٹر ثاقب محمود نے کانفرنس کے اغراض و مقاصد پیش کیے۔ انھوں نے کہا کہ کانفرنس کا مقصد پاکستان میں میڈیکل ایتھکس کے موجودہ معیار کو جانچنا اور اس حوالے سے لوگوں اور ہیلتھ پروفیشنلز میں شعور اجاگر کرنا ہے۔