پنجاب یونیورسٹی کے زیر اہتمام ڈاکٹر ناہید شاہد کی یاد میں تعزیتی ریفرنس

پنجاب یونیورسٹی کے زیر اہتمام ڈاکٹر ناہید شاہد کی یاد میں تعزیتی ریفرنس

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(پ ر) پنجاب یونیورسٹی کے زیر اہتمام معروف نقاد، شاعر ، ادیب اورینٹل کالج شعبہ پنجابی کے پروفیسر ڈاکٹر ناہید شاہد(مرحوم ) کی یاد میں تعزیتی ریفرنس الرازی ہال میں منعقد ہوا جس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظفر معین ناصر، رجسٹرار ڈاکٹرمحمد خالد خان، پروفیسر ڈاکٹر محمد فخر الحق نوری، پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم مظہر ، پروفیسر ڈاکٹر نبیلہ رحمان ، صدر اکیڈمک سٹاف ایسو سی ایشن جاوید سمیع ، جنرل سیکریٹری افتخار تارڑ اور فیکلٹی ممبران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اپنے خطاب میں ڈاکٹر ظفر معین ناصر نے کہا کہ ڈاکٹر ناہید شاہد ایک باوقار شخصیت کے مالک تھے اور ان کی یادوں کو محفوظ رکھنا ہماری ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر ناہید کی وفات قوم کے لئے بہت بڑا نقصان ہے اور ان کے جانے سے پیدا ہونے والے خلا ء کو پر ہونے میں وقت لگے گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی ایک بہت بڑی شخصیت سے محروم ہوگئی ہے۔ ڈاکٹر فخر الحق نوری نے کہا کہ ڈاکٹر ناہیدنے ایسی زندگی گزاری جسے سنہری الفاظ میں یاد رکھا جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر ناہید شاہد نے کبھی کسی کی چغلی نہیں کی وہ بہت صاف شفاف سوچ کے حامل شخص تھے۔ ڈاکٹرسلیم مظہر نے کہا کہ ڈاکٹر ناہید شاہد بہترین استاد، شاعر ، سچے صحافی اور عاجز انسان تھے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر ناہید ہمیشہ اپنے بڑوں سے عزت سے پیش آئے اور بچوں سے شفقت کا مظاہر ہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر ناہید ایک غیر معمولی نوعیت کے سکالرہونے کے ساتھ سچے محقق تھے۔ ڈاکٹر نبیلہ رحمان اور علی اصغر عباس نے ڈاکٹر ناہید شاہد کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہو ں نے تعلیم کو ایک مشن کے طور پر لیاتھا ۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر ناہید نے پہلے ریڈیو کو جوائن کیا اور بعد میں گورنمنٹ کالج گوجرنوالا میں پنجابی کے استادبن گئے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر ناہید شاہد نے ایف سی کالج لاہور کے بعد پنجاب یونیورسٹی کو جوائن کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی خدمات پنجابی زبان و ادب میں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔