یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیر اہتما م بین الاقوامی کانفرنس کا آغاز
لاہور(جنرل رپورٹر)یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیر اہتمام "ہیلتھ پروفیشنلز کی تعلیم میں بناوٹی اور علامتی مریضوں کا کردار"کے موضوع پر 3روزہ بین الاقوامی کانفرنس جمعرات کے روز شروع ہوگئی۔ کانفرنس کے پہلے روز 10ورکشاپس کا انعقاد کیا گیا جن کے سہولت کاروں میں نامور غیر ملکی اور ملکی ماہرین صحت شامل تھے۔ اس حوالے سے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز، کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی، سروسز انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز اور فاطمہ جناح میڈیکل کالج میں دو دو جبکہ لاہور میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج اور فاطمہ میموریل کالج آف میڈیسن میں ایک ایک ورکشاپ کا انعقاد کرایا گیا۔کانفرنس کا باضابطہ افتتاح آج (بروز جمعہ)ہوگا۔ افتتاحی تقریب میں نامور ماہرین صحت پروفیسر ڈاکٹر اعجاز احسن اور پروفیسر ڈاکٹر بی اے یزدانی اور ڈائریکٹر برٹش کونسل لاہور کیون میک لیون مہمان خصوصی ہوں گے۔ کانفرنس میں 700سے زائد ماہرین صحت، میڈیکل ٹیچرز، الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز اور طلبہ شرکت کررہے ہیں۔ جمعرات کے روز ورکشاپس کے سہولت کاروں میں لیور پول یونیورسٹی برطانیہ کے ڈاکٹر وکرم جاہ، دمام یونیورسٹی سعودی عرب کے ڈاکٹر گوہر واجد، ڈاکٹر ادریس انور، ڈاکٹر مودت حسین رانا، ڈاکٹر مسعود جاوید، ڈاکٹر عثمان محبوب، ڈاکٹر عبدالمجید چودھری، کیل یونیورسٹی برطانیہ کی ڈاکٹر کے موہانا، ڈاکٹر آمنہ احمد، ڈاکٹر محمد طیب، سری لنکا کے ڈاکٹر گومندا پونم پورما اور ڈاکٹر سید حسن شعیب شامل تھے۔