نوجوان سوشل میڈیا پر وقت ضائع کرنے کے بجاے پیسے کمائیں، ضیاء الحق نقشبندی
لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)تنظیم اتحاد امت پاکستان کے زیراہتمام ملک گیر سطح پر خطبات جمعہ بعنوان ’’سوشل میڈیا اور نوجوان نسل ‘‘کے موضوع پردئیے ۔ اس سلسلہ میں مرکزی تقریب اتحادامت اسلامک سنٹر کی جامع مسجد الحسن میں چیئرمین تنظیم اتحاد امت محمد ضیاء الحق نقشبندی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تنظیم اتحاد امت نے نوجوان نسل کو سوشل میڈیا کی خرافات سے بچانے کے لیے سلوگن بنا لیا ہے کہ’’ سوشل میڈیا پر وقت ضائع کرنے کی بجائے پیسے کمائیں‘‘جس کے تحت ’’ایس ای او‘‘انٹر نیشنل سطح کا کورس شروع کر دیا گیا ہے جس میں ہم امیروغریب کی تمیز کے بغیر اسکالرشپ کی بنیاد پر بچوں کو آئی ٹی کے میدان میں ماہر بنارہے ہیں جس سے نوجوان نسل جہاں خرافات سے بچے گی وہی پر وہ سوشل میڈیا کے ذریعے پیسے بھی کمائے گی ۔انہوں نے کہا ہمارا خیال ہے کہ ہم ہر ماہ ایک نئی کلاس کا آغاز کریں اوران کلاسوں کا دائرہ کار پاکستان کے تمام بڑوں شہروں میں پھیلا دیں گے ۔
تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو جہاں اسکالرشپ ملیں گی وہی پر وہ روزگار بھی کمائیں گے انہوں نے مزید کہا کہ آج ترقی کی ڈور میں ہمیں ناصرف شامل ہونا چاہیے بلکہ اغیار کے مقابلے میں زیادہ محنت سے کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ہم بھی دنیا کی ترقی کی ڈور میں شامل ہو سکیں ۔انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تنظیم اتحادامت نے یہ بھی طے کیا ہے کہ روایتی جماعتوں کی طرح کام نہیں کریں گے اورنہ ہی ہم اپنے نعرے لگوائیں گے بلکہ نوجوان نسل کے ذریعہ معاش کو مضبوط کرنے کے لیے دن رات ایک کر دیں گے ۔لاہور میں مفتی مسعود الرحمن ،مفتی ابو بکر اعوان ،مفتی محمد عمران حنفی ،پیر بشیر احمد یوسفی ،مولانا عبداللہ ثاقب ،علامہ ذوالفقار مصطفی ہاشمی نے جبکہ دیگرجن شہروں میں علماء ومشائخ نے اس موضوع پر خطبات دئیے ان میں نارووال ،سیالکوٹ ،وزیر آباد،گجرات ،فیصل آباد،قصور،کامونکی ،مریدکے،بھائی پھیرواوردیگر شہر شامل ہیں ۔