دوہرے قتل پر اکسانے والی 2 خواتین کی ضمانت منظور

دوہرے قتل پر اکسانے والی 2 خواتین کی ضمانت منظور

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نامہ نگار)ایڈشنل سیشن جج قمر الزمان نے ٹھوس ثبوتوں کی عدم موجودگی کی بنا پر دوہرے قتل پر اکسانے والی 2 خواتین کی ضمانت منظور کرلیں۔فاضل عدالت میں قتل کرنے پر اکسانے والی2ملزمان خواتین صابراں بی بی اور شازیہ بی بی کی درخواست ضمانت پرگزشتہ روز سماعت ہوئی، ملزموں کے وکیل نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ گڑھی شاہو پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کرنے کے ایک ماہ بعد دونوں خواتین کو گرفتار کیا جبکہ ایف آئی آر میں دونوں خواتین کا نام بھی درج نہیں ہے تاہم عدالت سے استدعا کی کہ خواتین کی ضمانت منظور کی جائے ۔عدالت میں پراسیکیوشن نے بتایا کہ گڑھی شاہو پولیس نے مقدمہ کے مدعی محمد شریف کی درخواست پر ملزم الطاف حسین کے خلاف 15جون کو مقدمہ درج کیا، ملزم الطاف حسین نے اپنی قریبی رشتہ دار خواتین صابراں اور شازیہ بی بی کے اکسانے پر اپنی بیوی فائزہ اور ساس صفیہ بی بی کو گھریلو جھگڑے پر فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔اس حوالے سے گڑھی شاہو پولیس نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ تفتیش کے بعد معلوم ہوا کہ دونوں خواتین صابراں بی بی اور شازیہ بی بی کا ملزم الطاف حسین کے ساتھ مسلسل ٹیلیفونک رابطہ رہا اور انہوں نے ملزم کو قتل کرنے پر اکسایا، عدالت نے دونوں خواتین کی ضمانت ایک ایک لاکھ روپے مچلکے کے عوض منظور کرلی ہے۔