عمران خان کی قیادت میں شروع والی احتساب تحریک اب رکنے والی نہیں ، زمان نصیب
لاہور (پ ر) تحریک انصاف کے رہنما ملک زمان نصیب نے کہا ہے کہ چیئرمین عمران خان کی قیادت میں شروع والی احتساب تحریک اب رکنے والی نہیں اور پانامہ چوروں سے لوٹی ہوئی دولت واپس لے رہیں گے جب تک ملک سے کرپٹ اور لٹیروں کا احتساب نہیں ہو جاتا ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔ پی ٹی آئی کا2نومبر سے اسلام آباد بند کرنے کے لئے شروع ہونے والا احتجاج پر پر امن ہوگا، کارکن کسی بھی ہتھکنڈے کا مردانہ وار مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہیں ۔ اگر حکومت نے پارٹی ورکروں پر دھاوا بولنے کی کوشش کی تو حالات کی خرابی کی تمام تر ذمہ داری (ن) لیگ پر عائد ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ پانامہ کے چوروں کا احتساب وقت کی اہم ضرورت ہے۔
حکمرانوں نے اداروں کو تباہ کرکے رکھ دیا ہے ، عوام کے وسائل لوٹنے والوں کو اب حساب دینا ہوگا۔ (ن) لیگ نے اپنے دور حکومت میں نے کسی ایک مسئلے کو انٹرنیشنل لیول پر پاکستانی موقف جرات مندانہ انداز میں پیش کرنے میں ناکام رہی ہے ، انڈیا نے کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ گرا دیئے ہیں لیکن پاکستان حکمران دنیا بھر میں مقبوضہ کشمیر کا معاملہ پوری قوت سے نہیں اٹھا سکے ۔
(ن) لیگ نے اپنے اقتدار میں آکر ریکارڈ قرضے لئے ہیں اور ملک کے ہر فرد پر تقریباً ایک لاکھ بیس ہزار تک کا قرضہ بڑھ گیا ہے۔ وزیراعظم ملک کو گروی رکھ کر ملک کو مزید قرضوں کی دلدل میں دھکیل رہے ہیں اگر یہ حکمران ملک پر مزید مسلط رہے تو ملک کو بیچ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے بچوں کے بہتر مستقبل کے لئے کرپٹ اور چور حکمرانوں سے پیچھا چھڑانے کے لئے چیئرمین عمران خان کی آواز پر لبیک کہنا ہوگا اور 2 نومبر کو اسلام آباد پہنچانا ہوگا ۔