علامہ ابوالحسنات سید محمد احمد قادریؒ کا 45 واں سالانہ عرس منایا گیا

علامہ ابوالحسنات سید محمد احمد قادریؒ کا 45 واں سالانہ عرس منایا گیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور( نمائندہ خصوصی)غازی کشمیر مجاہد تحریک ختم نبوت ؐاور بانی صدر جمعیت علمائے پاکستان علامہ ابوالحسنات سید محمد احمد قادریؒ کا 45 واں سالانہ عرس مبارک داتا دربار لاہور میں زیر صدارت پیر سید احسن اشرف نہایت عقیدت واحترام سے منایا گیا۔ عرس کے اجتماع سے سجادہ نشین مفتی پیر سید مصطفی اشرف رضوی، پیر محمد افضل قادری، علامہ خادم حسین رضوی، پیر سید شاہد حسین گردیزی، پیر سید نثار اشرف رضوی، علامہ محمد شہزاد مجددی اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علامہ ابوالحسنات رحمۃ اللہ علیہ کی تحریک پاکستان، تحریک ختم نبوتؐ اور جمعیت علمائے پاکستان میں آپ کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ علماء نے ان کی دینی و ملی خدمات پر زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ رحمۃ اللہ علیہ مفسر اورمحدث بھی تھے آپ نے دو قومی نظریہ اور تحریک پاکستان میں قائداعظم محمد علی جناحؒ اور علامہ اقبال ؒ کے ساتھ ملکر بھرپور کردار اداکیا۔ آپ کی تصانیف آج بھی مسلمانوں کے لئے مشعل راہ ہیں۔ علماء نے سعودی عرب کے مشرقی صوبہ میں نماز جمعہ کے دوران نمازیوں پر ہونے والے خود کش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب میں سکیورٹی کے اتنے سخت اقدامات کے باوجود خود کش حملہ قابل مذمت ہے۔   انہوں نے کہا کہ ایک منظم سازش کے تحت سعودی عرب میں خود کش حملہ کروایا گیا جو مسلمانوں کو آپس میں لڑانے کی ایک عالمی سازش ہے۔ عرس کے اجتماع میں مذمتی قرارداتیں منظور کرتے ہوئے حکمرانوں سے مطالبہ کیا گیا کہ بادشاہی مسجد سے چوری ہونے والے نعلین مبارک کی بازیابی کے لئے غیر جانبدارانہ کمیشن قائم کیا جائے ، سانحہ صفورہ چورنگی کے مجرموں اور ان کے سرپرستوں کو قانون کے کٹہرے میں لاکر نشانِ عبرت بنایا جائے۔ تحریک پاکستان میں قائداعظم محمد علی جناحؒ سے ملکر کام کرنے والے علماؤ مشائخ کے شاندارکردارکو تعلیمی نصاب کا حصہ بنایا جائے ، رمضان المبارک کے مقدس ماہ میں ذخیرہ اندوزوں اور ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے اور غرباء کیلئے رمضان المبارک کے مقدس ماہ میں خصوصی پیکیج کا اعلان کیا جائے۔