مخالفین کی منفی سوچ شریف برادران کو خدمت سے نہیں روک سکی،پیر اشرف

مخالفین کی منفی سوچ شریف برادران کو خدمت سے نہیں روک سکی،پیر اشرف

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


فیروزوالہ( نامہ نگار) مسلم لیگ ن کے راہنما اور رکن پنجاب اسمبلی پیر محمد اشرف رسول نے کہا کہ سیاسی مخالفین کی منفی سوچ وزیر اعظم میاں نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کو عوامی خدمت سے نہیں روک سکتے عوام جھوٹ اور منافقت کی سیاست کرنے والے عناصر کو بخوبی پہچان چکے ہیں۔ اور ان کی باتوں میں نہیں آئیں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی آفس رچنا ٹاؤن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تیزی سے بدل رہا ہے مگر بد قسمتی سے بعض سیاستدانوں کی سوچ نہیں بدلی۔ مسلم لیگ(ن) کی لیڈر شپ کا ہر دور میں احتساب ہوا ہے اور ہمارے قائدین ہمیشہ ہر بحران سے سرخرو ہو کر نکلے ہیں۔ آئندہ بھی مخالفین کے ہاتھ سوائے شرمندگی کچھ نہیں آئے گا۔
ایم پی اے پیر اشرف رسول نے کہا تحریک انصاف نے منفی اور الزامات کی سیاست کو فروغ دے کر ملک کا نقصان کیا ہے جس طرح پاکستانی کرکٹ ٹیم نے بھارت کو عبرتناک شکست دی ہے اسی طرح آئندہ الیکشن 2018میں مسلم لیگ(ن) بھی پی ٹی آئی کو ناک آؤٹ کرے گی۔ انہوں نے کہا مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے پورے ملک میں ترقیاتی کاموں کا ایک جال بچھا کر تاریخی مثال قائم کی ہے۔ ترقیاتی منصوبے پایہ تکمیل تک پہنچ رہے ہیں جس سے عوام کو سہولتیں میسر ہوں گی۔