غیر نصابی سرگرمیاں طلباء کی پوشیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کرتی ہیں،ڈاکٹر رخسانہ ڈیوڈ
لاہور( خبرنگار) پرنسپل کنیئرڈ کالج فار وویمن ڈاکٹر رخسانہ ڈیوڈ نے کہا ہے کہ غیر نصابی سرگرمیاں طلباء کی پوشیدہ صلاحیتوں کو ابھارنے کے ساتھ ساتھ ان کی شخصیت و کردار کی تعمیر میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں ۔ آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں پاکستانی خواتین کرکٹ ٹیم میں شامل کنیئرڈ کالج کی طالبات کی شاندار کارکردگی قابل ستائش ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے حال ہی میں کھیلے گئے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2016میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر نیوالی طالبات کے اعزاز میں تقریب ملاقات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ کنیئرڈ کالج کی چار طالبات انعم امین،سدرہ امین،ارم جاوید اور عالیہ ریاض نے انڈیا میں منعقدہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں حصہ لیا ۔
بلکہ دو طالبات نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹورنامنٹ کے تینوں میچز میں پلیئر آف میچ کا بھی خطاب حاصل کیا۔
انعم امین ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش جبکہ سدرہ امین انڈیا کے خلاف کھیلتے ہوئے پلیئر آف میچ ٹھہریں اور پچاس سے زائد رنز سکور کیئے۔اس کے علاوہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والی انعم امین کو ورلڈٹی ٹونٹی وویمن ڈریم ٹیم کیلئے بھی منتخب کیا جبکہ کوئی مرد کھلاڑی اپنی کیٹیگری میں نہ منتخب ہوسکا۔پرنسپل ڈاکٹر رخسانہ ڈیوڈ نے خواتین کھلاڑیوں اور متعلقہ سپورٹس افسران کی دن رات محنت اور کارکردگی کو سراہتے ہوئے مستقبل میں بھی ملک و قوم کا نام روشن کرنے کی ہدایت کی۔اس موقع پر ڈائریکٹر سپورٹس نو شین حنیف،کوچ عرفان اللہ خان،سپورٹس فیکلٹی بشمول میڈم عمارہ،نور،ریمشا،حنا اور کھلاڑی خواتین بھی موجود تھیں۔