روزانہ 9 گھنٹے سے زائد سونا ڈیمنشیا کے خطرے کو بڑھا دیتا ہے،تحقیق
بوسٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان سمیت دنیا بھر میں ڈیمنشیا اور الزائیمر جیسے دماغی امراض میں اضافہ دیکھنے کو آ رہا ہے۔ اس وقت صرف امریکا میں 50 لاکھ لوگ اس کا شکار ہیں اور اس کے علاج پر بہت زیادہ اخراجات آتے ہیں۔ ایک نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ روزانہ 9 گھنٹے سے زائد سونا ڈیمنشیا کے خطرے کو دوگنا بڑھا سکتا ہے۔بوسٹن یونیورسٹی اسکول آف میڈیسن (بی یو ایس ایم) کی ڈاکٹر سدھا ششادری اور ان کے ساتھیوں نے ایک بہت بڑا سروے کیا ہے اور اس کی تفصیلات نیورولوجی جرنل میں شائع کی ہیں۔ اس کے لیے فرامنگھم ہرٹ اسٹڈی (ایف ایچ ایس) کا جائزہ لیا گیا جس میں 5000 سے زائد مرد و خواتین کا جائزہ لیا گیا تھا۔ اس میں لوگوں سے ان کی نیند کے بارے میں بھی سوالات کئے گئے تھے اور 10 سال تک تمام لوگوں کو دیکھا گیا تھا کہ آیا ان میں الزائیمر یا ڈیمنشیا کی دیگر اقسام لاحق ہوئی یا نہیں۔دس سال بعد انکشاف ہوا کہ جو لوگ روزانہ 9 گھنٹے سے زیادہ وقت کے لیے سوتے ہیں وہ اگلے 9 سے 10 برس میں باقی لوگوں کے مقابلے میں الزائیمر کے زیادہ شکار ہوئے۔