بھارت پہلے کشمیریوں کو ان کا جمہوری حق دے،طارق غوری

بھارت پہلے کشمیریوں کو ان کا جمہوری حق دے،طارق غوری

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور(پ ر )بھارتی یوم جمہوریہ کے موقع پریوتھ فورم فار کشمیر کے زیر اہتمام کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضہ اور کشمیریوں پر ظلم و ستم کے خلاف مال روڈ چیئرنگ کراس پرچیف آرگنائزر پنجاب طارق احسان غوری کی قیادت میں ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ،اس موقع پر مختلف سیاسی سماجی تنظیموں کے رہنماؤں نے خطاب بھی کیا اپنے خطاب میں طارق احسان غوری نے کہا کہ بھارتی حکمران جمہوریت کے عالمی چمپیئن بننے کی کوشش کرتے ہیں ،جبکہ بھارتی جمہوریت کا اصلی مسخ شدہ چہرہ کشمیر پر غاصبانہ قبضہ اور کشمیریوں پر بے پناہ مظالم کی شکل میں دنیاکے سامنے ہے،بھارتی حکمران نام نہاد جمہوریت کا راگ الاپنا بند کریں،اگر وہ جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں تو کشمیریوں کو UNکی منظور کردہ قرار دادوں پر عمل درآمد کے ذریعے اپنے مستقبل کا خود فیصلہ کرنے کا اختیار کیوں نہیں دیتے ،بھارتی یوم جمہوریہ پر امریکی صدر بارک حسین اوباما کی جانب سے بھارت کو سلامتی کونسل کی مستقل رکنیت کی حمایت کرنے پر سخت احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں امن و امان کے توازن کو بگاڑنے کا موجب بنے گی،بھارت پہلے جمہوریت کو دل سے تسلیم کرکے کشمیریوں کو ان کا جمہوری حق دے۔    ورنہ اس کی جمہوریت دوستی کا ڈرامہ محض ڈھونگ ثابت ہوگا،آج وادی کشمیر میں لاکھوں کشمیریوں نے یوم احتجاج منا کر بھارتی جمہوریت کی قلعی کھول دی ہے۔اگر بھارت کو جمہوریت پسند کہلانے کا شوق ہے تو وہ کشمیر میں رائے شماری کرا کے جمہوریت ہونے کا ثبوت دے۔