معاشرے کے محروم طبقات کو عید کی خوشیوں میں شامل کرنا ہم سب کا فرض ہے ،خوش بخت

معاشرے کے محروم طبقات کو عید کی خوشیوں میں شامل کرنا ہم سب کا فرض ہے ،خوش بخت

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(پ ر) خوشی ویلفیئرفاؤنڈیشن کی چیف آپریٹنگ آفیسرخوش بخت بٹ نے کہا ہے کہ معاشرے کے محروم طبقات کو عید کی خوشیوں میں شامل کرنا ہمارا دینی اورقومی فریضہ ہے تاکہ معاشرے سے احساس محرومی کا خاتمہ ممکن ہو سکے ۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے گزشتہ رو زمستحقین میں ’’ عید راشن بیگ ‘‘ کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ معاشرے میں موجودبیوہ ،یتیم ،مساکین، نادار اور مستحقین کی بحثیت مسلمان مدد کرنا اوران کوعید کی خوشیوں میں شامل کر نا ہم سب کا فرض ہے ،انہوں نے کہا کہ خوشی ویلفیئرفاؤنڈیشن نے ہمیشہ کی طرح اس عید الفطرکے موقع پربھی مختلف پسماندہ علاقوں کے سفید پوش مستحق لوگوں میں عید راشن بیگ تقسیم کئے ہیں جن میں آٹا،چینی ،گھی ،چاول ،سویاں ،دالیں ،چائے کی پتی سمیت دیگراشیا شامل ہیں ،انہوں نے کہا کہ خوشی ویلفیئرفاؤنڈیشن مستحقین کے معیاری علاج معالجے ،تعلیم ،غریب بچیوں کی شادی وجہیزکے انتظامات اوردیگرضروریات زندگی بہم پہنچانے کے ساتھ ساتھ عید ودیگرمواقع پربھی اپنے محدود وسائل کیساتھ مستحقین کی ہرممکن مدد کرتی ہے ۔