بیوی کی فرمائشوں سے تنگ شوہر گھر میں14فٹ کا بڑا جوتا خرید لایا
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) برطانیہ میں ایک خاتون آئے روز اپنے شوہرسے نئے جوتوں کی فرمائش کرتی رہتی تھی۔ شوہر نے ایک روزآئے روز کی فرمائشوں سے تنگ آ کر ایسی چیز لا کر گھر کے باغیچے میں رکھ دی کہ جان کر آپ ہنسی سے لوٹ پوٹ ہو جائیں گے۔ڈیلی سٹار کی رپورٹ کے مطابق یہ شخص جوتوں کے متعلق اپنی بیوی کے جنون سے تنگ آ کر بہت بڑے سائز کا جوتوں کا ایک جوڑا لے آیا اور لا کر گھر کے باہر باغیچے میں رکھ دیا، کیونکہ گھر کے اندر تو وہ لیجایانہیں جاسکتا تھا۔رپورٹ کے مطابق 50سالہ اینڈی واکر خاص طور پر بنوا کر جو جوتے لایا ان کا سائز 14فٹ ہے۔ ان کی ایڑیاں اتنی بڑی ہیں کہ جوتوں کا ایڑی والا حصہ گھر کی چھت کے برابر پہنچا ہوا ہے۔ اینڈی کا کہنا ہے کہ ’’میری بیوی ہر وقت مجھے نئے جوتے دلانے کو کہتی رہتی تھی۔ میں یہ جوتے خرید کر لے آیا ہوں۔ میرے خیال ہے کہ شاید اتنے بڑے جوتے لے کر ہی اس کا منہ بند ہو جائے۔ میں جوتے باغیچے میں رکھ کر کام پر آ گیا تو مجھے میری بیوی کی کال موصول ہوئی۔ وہ چیخ رہی تھی کہ میرے گارڈن میں یہ کیا بلا تم نے لا کر رکھ دی ہے۔‘‘رپورٹ کے مطابق اینڈی نے یہ جوتے 500پاؤنڈمیں بنوائے تھے۔