طلباء دنیا میں ممتاز مقام حاصل کرنے کیلئے محنت کی عادت اپنائیں،امجد اسلام امجد
لاہور(اپنے خبر نگار سے ) دنیا میں منفرداور ممتاز مقام حاصل کرنے کیلئے محنت کی عادت اپنائیں ۔والدین کی خدمت اور اساتذۂ کرام کا احترام کریں ۔ان خیالات کااظہار ممتاز دانشور، شاعر،ادیب امجد اسلام امجد نے ایوانِ کارکنان تحریک پاکستان‘ شاہراہ قائداعظمؒ لاہور میں جاری اپنی نوعیت کے منفرد پروگرام نظریاتی سمر سکول کے سولہویں سالانہ تعلیمی سیشن کے بارہویں روز طلبا و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
نظریاتی سمر سکول کا اہتمام نظریۂ پاکستان ٹرسٹ نے تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا ہے ۔
پروگرام کے آغاز پر نظریاتی سمر سکول کے طلبا و طالبات نے تلاوت کلام پاک ‘نعت رسول مقبولؐاور قومی ترانہ پیش کیا۔ قندیل ظہیرنے تلاوت کلام پاک کی سعادت حاصل کی جبکہ آمنہ فریدنے بارگاہ رسالت مآبؐ میں نذرانۂ عقیدت پیش کیا۔ نظامت کے فرائض نظریاتی سمر سکول کی طالبہ فاطمہ جاوید نے انجام دیے۔امجد اسلام امجد نے کہا کہ نئی نسلیں ہی پاکستان کا مستقبل ہیں ۔ اللہ تعالیٰ نے دنیا میں بے شمار مخلوقات پیدا کیں اور انہیں میں سے ایک مخلوق انسان ہے جسے اللہ تعالیٰ نے لاتعداد نعمتوں سے نوازا ہے۔علم کی و جہ سے انسانوں کو دیگر مخلوقات پر فضیلت حاصل ہے۔ افسوس کی بات ہے کہ آج بچوں کو ان کی اپنی زبان میں صحیح طرح سے تعلیم نہیں دی جا رہی ہے، یہ ہمارے تعلیمی نظام کی کوتاہی ہے کہ بچے اردو سے ناآشنا ہو رہے ہیں۔ علم وادب کے فروغ کیلئے اردو زبان میں تعلیم کو فروغ دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بچے جو بھی اچھی باتیں سیکھیں انہیں یاد رکھیں اور ان پر عمل کریں۔ طالب علم سوال کرنے کی عادت ڈالیں اور اس میں جھجھک محسوس نہ کریں رقیہ غزل نے کہا کہ اس دنیا میں محنت اور مشقت کے بغیر کوئی کامیاب نہیں ہوا۔ مشکلات کا جوانمردی کے ساتھ مقابلہ کرنا ، بڑوں کا احترام کرنا اور پرامید رہنا ہی آپ کو منزل سے ہمکنار کر سکتا ہے۔ دل لگا کر تعلیم حاصل کریں اور بڑے ہو کر ملکی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔ بعدازاں سوال و جواب کی نشست ہوئی۔ علاوہ ازیں نظریاتی سمر سکول میں ساتویں، آٹھویں اور نوویں جماعت کے چالیس طلبا و طالبات پر مشتمل تھنک ٹینک قائم کیا گیا ہے جس نے ڈاکٹر رفیق احمد کی زیر نگرانی پاکستانی کلچر کے موضوع پر بحث و مباحثہ میں حصہ لیا۔مباحثے میں شریک طلبا و طالبات کا کہنا تھا کہ پاکستانی کلچر بہت زبردست ہے۔ ہمیں علم کو پھیلانا اورسائنسی علوم پر زور دینا چاہئے جبکہ اخلاقیات پر توجہ دینی چاہئے۔ ہم سب کو ملکر پاکستانی کلچر کو مضبوط بنانا ہے۔ پروگرام کے اختتام پر مختلف مقابلوں میں کامیابی حاصل کرنے اور سرگرمیوں میں اہم کردار ادا کرنے والے طلبا و طالبات میں انعامات تقسیم کیے گئے۔