پرائیویٹ سکولوں کی رجسٹریشن کے پرانے قانون کو بحال کیا جائے، میاں شبیر احمد
لاہور(خبر نگار) آل پاکستان پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن کے مرکزی و صوبائی عہدیداروں نے ’’پاکستانی فورم‘‘ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ پرائیویٹ سکولوں کی رجسٹریشن کے پرانے قانون کو بحال کر کے ڈسٹرکٹ رجسٹریشن اتھارٹی کو ختم کیا جائے موسم گرما کی چھٹیوں کے آغاز میں پرائیویٹ سکولوں کو زبردستی بند کرنے سے بچوں کو ہوم ورک تک نہیں دیا جا سکا۔ حکومت سمر کیمپ لگانے کی اجازت نہ دیکر بچوں سے تعلیمی میدان میں پوزیشن حاصل کرنے کا حق چھین لیا ہے۔ اس موقع پر مرکزی صدر میاں شبیر احمد ہاشمی، صوبائی صدر محمد اقبال چوہان اور مرکزی جوائنٹ سیکرٹری عابد احمد دستی نے کہا کہ پرائیویٹ سکولوں کی رجسٹریشن کے لئے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کا قیام پرائیویٹ سکولوں کو ختم کرنے کے مترادف ہے۔
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کی جانب سے جاری قواعد و ضوابط اور پیچیدہ قوانین سے سکولوں کی رجسٹریشن رک کر رہ گئی ہے۔ جس سے لاکھوں بچوں کی تعلیم کا سلسلہ رک کر رہ گیا ہے۔ اس موقع پر ملک اسماعیل ڈوگر، چوہدری امان اللہ، ڈاکٹر محمد ریاض اور طارق محمودرندھاوا نے کہا کہ موسم گرما کی چھٹیوں کے آغاز میں پرائیویٹ سکولوں کو زبردستی بند کروا دیا گیا، جس سے پرائیویٹ سکولوں کے بچوں کو ہوم ورک نہیں دیا جا سکا ہے، جبکہ سمر کیمپ کی اجازت نہ دینے سے بچوں سے پوزیشن حاصل کرنے کا حق چھین لیا گیا ہے اور اس سے کم فیس والے سکولوں میں تعلیم کے دروازے بند کر کے رکھ دیئے گئے ہیں اس موقع پر مرکزی صدر میاں شبیر احمد ہاشمی اور اقبال چوہان نے کہا کہ حکومت رجسٹریشن کے پرانے طریقہ کار کو بحال کرے اور ضلعی رجسٹریشن اتھارٹی کو ختم کیا جائے۔ وگرنہ صوبائی سطح پر احتجاجی تحریک شروع کر دی جائے گی۔