غریب عوام کا خون چوسنے والے احتساب سے نہیں بچ سکتے،عبدالوہاب روپڑی

غریب عوام کا خون چوسنے والے احتساب سے نہیں بچ سکتے،عبدالوہاب روپڑی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(جنرل رپورٹر) قوم کے خزانے دونوں ہاتھوں سے لوٹنے والوں کو تحفظ دینے کیلئے ملک میں پھر سے سیاسی بحران اور افراتفری کا سماں پیدا کیا جا رہا ہے۔ غریب عوام کا خون چوسنے اور مفادات کی سیاست کرنے والے احتساب سے نہیں بچ سکتے۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اہل حدیث پاکستان کے رہنما مولانا عبدالوہاب روپڑی ،مولانا شکیل الرحمن ناصر ، مولانا عبدالوحید شاہد و دیگر نے ایک مشترکہ بیان میں کیا۔ انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قومی خزانے خالی کرنے والے بڑے مگرمچھوں پر گرفت قابل تحسین ہے۔ حکومت بلا امتیاز کارروائی کرتے ہوئے غریب عوام کے خون پسینے کی کمائی واپس لائے۔ انہوں نے کہا کہ سیاستدان ہوش کے ناخن لیں۔ ملک اس وقت اندرونی و بیرونی خطرات سے دو چار ہے۔ ایسی صورتحال میں دھرنا مافیا ملک کا امن و سکون برباد کرنے سے باز رہے۔ دریں اثناء گفتگو کرتے ہوئے جماعت کے ترجمان مولانا شکیل الرحمن ناصر نے بھارتی مذموم کارروائیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اخلاقیات کی ہر حد پار کر چکا، معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا انتہائی بزدلانہ اور شرمناک فعل ہے۔ انہوں نے کہا کہ دفاع پاکستان کیلئے پوری قوم سیسہ پلائی دیوار کی طرح متحد ہے، مکار اور بزدل مودی سرکار کسی زعم میں مبتلا نہ رہے۔ افواج پاکستان تمام طرح کی جدید صلاحیت اور حب الوطنی کے جذبہ سے سرشار ہے۔



جو بھارتی یلغار کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔