ایم کیو ایم کی سابق ایم این اے سے فراڈ کرنیوالے ملزمان 13نومبر کو طلب
لاہور(نامہ نگار)سینئر سپیشل جج اینٹی کرپشن افتخار احمد خان نے ایم کیوایم کی سابق ایم این اے طاہرہ آصف مرحومہ سے ان کی زندگی میں فراڈ کرنے والے 3 ملزمان منشا، افضل اور رفاقت علی کو فرد جرم کے لیے 13 نومبر کو طلب کرلیاہے۔سینئر سپیشل جج اینٹی کرپشن افتخار احمد خان کی عدالت میں اینٹی کرپشن نے ایم کیوایم کی قتل ہونے والی سابق ایم این اے طاہرہ آصف کو فراڈ سے پلاٹ فروخت کرنے کے الزام میں تین ملزمان رفاقت علی، منشا اور محمد افضل کے خلاف چالان پیش کررکھا ہے۔عدالت میں چالان آنے پر تینوں ملزمان پر آج فرد جرم عائد ہونی تھی لیکن ملزم رفاقت کا میڈیکل آنے پر عدالت نے سماعت 13 نومبر تک ملتوی کردی اور دوبارہ ملزمان کو فرد جرم کے لیے طلب کرلیا۔تینوں ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے جعل سازی سے سابق ایم این اے کو لاہور کینٹ دھنہ سنگھ والا کا پلاٹ فروخت کردیا تھا۔