آئین میں ٹیکنو کریٹ حکومت کی گنجائش نہیں: وزیراعظم

آئین میں ٹیکنو کریٹ حکومت کی گنجائش نہیں: وزیراعظم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لندن (مانیٹرنگ ڈیسک، آن لائن ) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ نجی دورے پر اپنے پیسوں پر لندن آیا ہوں ، میاں نواز شریف سے ملاقات ہوگی، قبل از وقت انتخابات کی کوئی تجویز نہیں آئی ، حکومت چل رہی ہے،سازشوں پر یقین کرتا ہوں نہ کوئی گنجائش ہے۔ لندن پہنچنے پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پارٹی میں کوئی اختلاف نہیں ،آئین میں ٹیکنوکریٹ حکومت کی گنجائش نہیں ماضی میں ٹیکنوکریٹ کی حکومت لاکر پاکستان کو کچھ حاصل نہیں ہوا۔شاہد خاقان عباسی نے جمہوری طرزِ حکومت کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ عوامی مینڈیٹ سے بنائی گئی حکومت الیکشن کے دوران اپنی کارکردگی کی بنا پر عوامی سکینر سے ہو کر گزرتی ہے۔انہوں نے سوال کیا کہ ٹیکنوکریٹ حکومتوں نے پاکستان کو کیا دیا؟ لہٰذا ایسی حکومت جس کو عوامی مینڈیٹ حاصل نہ ہو وہ کبھی بھی کام نہیں کر سکتی۔انہوں نے کہا کہ سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف نے دونوں انتخابی اور ٹیکنو کریٹ کی حکومتیں بنائیں لیکن قوم نے دیکھا کے ان حکومتوں سے ملک کو کوئی فائدہ نہیں ہوا۔انہوں نے کہاکہ دو چار نجی کام بھی ہیں ، نجی دورے پر اپنے پیسوں سے لندن آیا ہوں ۔ ملک ایک ہے سارے ادارے ایک ہی سائیڈ پر ہیں، ن لیگ میں کوئی اختلاف نہیں ، پارٹی نے ملک کی ترقی میں کردارادا کیا ہے،آئین کے تحت جمہوری پارٹی میں جوبھی اختلاف ہوتا ہے اسکااظہارکیا جاتاہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ صحافی احمد نورانی پر حملہ قابل مذمت ہے ۔حکومت نے ایکشن لے لیااور تحقیقات کیلئے کمیٹی بن چکی ہے،اس حملے جیسی چیزیں قابل قبول نہیں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سری لنکاکی ٹیم کاپاکستان آناانکااچھا اقدام ہے،آئندہ دیگرٹیمیں بھی آئیں گی۔وزیراعظم نے افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ریکس ٹلرسن نے حکومت پاکستان کو اپنے حالیہ دورے کے میں کسی بھی طرح کی فہرست نہیں دی۔
شاہد خاقان عباسی
اسلام آباد،لاہور،لندن،جدہ(صباح نیوز،آئی این پی ) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور وزیراعلی پنجاب شہباز شریف برطانیہ کے دارالحکومت لندن جبکہ وزیر خارجہ خواجہ آصف سعودی عرب چلے گئے ۔وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف اتوار کی صبح لندن روانہ ہوئے جس کے بعد دوپہر کو وزیراعظم شاہد خاقان عباسی بھی پی آئی اے کی پرواز 785 سے لندن چلے گئے۔ وزیراعلی پنجاب لندن میں نواز شریف سے ملاقات اور علیل بھابی بیگم کلثوم نواز کی عیادت کریں گے۔ادھر وزیر خارجہ خواجہ آصف بھی خصوصی پرواز کے ذریعے جدہ پہنچ گئے جہاں انہوں نے سابق وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کی ، اتوار کے روز وزیر خارجہ خواجہ آصف اور نواز شریف کے درمیان ہونے والی ملاقات میں خواجہ آصف نے بیگم کلثوم نواز کی خیریت دریافت کی دونوں رہنماؤں کے درمیان ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ وزیر خارجہ سے ملاقات کے بعد سابق وزیراعظم نواز شریف لندن روانہ ہوگئے۔ذرائع کے مطابق آج(پیر) تک کابینہ کے دیگر وزرا ء کے بھی لندن پہنچنے کا امکان ہے۔ خواجہ آصف نواز شریف سے ملاقات کے بعد واپس وطن لوٹ آئینگے۔