مفتی عبدالقوی پر قندیل بلوچ قتل کیس سے متعلق بیانات پر پابندی
ملتان(ویب ڈیسک) قندیل بلوچ قتل کیس کی تفتیش کرنے والے پولیس حکام نے مفتی عبدالقوی کو اس حوالے سے کوئی بھی بیان دینے سے روک دیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق قندیل بلوچ کے قتل میں شامل تفتیش مفتی عبدالقوی کو پولیس نے کسی بھی بیان دینے سے سختی کے ساتھ منع کردیا ہے، پولیس کا کہناہے کہ جب تک مقتولہ کے قتل کے حوالے سے تفتیش مکمل نہیں ہوجاتی مفتی عبدالقوی میڈیا سے دور رہیں اور تفتیش کے بارے میں میڈیا کو آگاہ نہ کیا جائے۔مفتی عبدالقوی نے پولیس کو قتل سے متعلق پوچھے گئے سوالات کے تحریری جواب اب تک نہیں دیئے۔ مفتی عبدالقوی کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز نجی مصروفیات جب کہ آج ہفتہ وار چھٹی کی وجہ سے جواب جمع نہیں کراسکے۔
دوسری جانب ماڈل قندیل بلوچ کے قتل کے مرکزی ملزم وسیم اور اس کی معاونت کرنے والے کزن حق نواز کو ڈیوٹی مجسٹریٹ مجیب الرحمان کے سامنے پیش کیا گیا۔ عدالت نے قتل میں معاونت کرنے والے ملزم حق نواز کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ کے لئے پولیس کے حوالے کردیا جبکہ مرکزی ملزم وسیم کو 14 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر جوڈیشل ریمانڈ کے لئے جیل بھیج دیا گیا ہے۔