ہسپتالوں کے راستے بند،مریض خوار،صدرکا دورہ ملتان کے شہریوں کیلئے اذیت بن گیا
ملتان (مانیٹرنگ ڈیسک)صدر ممنون حسین کا دورہ ملتان کے شہریوں کیلئے مصیبت بن گیا۔صدر کے پروٹوکول کی وجہ سے ہسپتال کو جانے والے راستے بند کردئے گئے جس کی وجہ سے لواحقین میلوں دور دور سے مریضوں کو پیدل ہسپتال لے کر آئے کیونکہ صدر کے دورے کے مقام سے ایک کلومیٹر تک ارد گرد کے تمام سڑکوں کو بند کرادیا گیا تھا۔ایک نوجوان کو تشویشناک حالت میں پیدل سفر کر کے ڈیڑھ میل دور ہسپتال لایا گیا۔مریضوں کے لواحقین کا کہنا ہے وہ انتظامیہ سے بار با ر ایمبولینس طلب کرتے رہے مگر انہیں مہیا نہ کی گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ہسپتال کا یہ راستہ بالکل ہٹ کر ہے لیکن ا س کے باوجود تمام راستے بند رکھے گئے ۔بند کئے گئے راستوں پر پنجاب کے دو بڑے ہسپتال واقع ہیں جن کی بندش سے شہریوں کو اذیت کا سامنا کرنا پڑا۔
اس حوالے سے اے آر وائی نیوز پر بات چیت کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چیئرمین نے کہا کہ افسوسناک صورتحال پر بیحڈ دکھ ہوا ہے۔پہلے ہی پورا شہر اکھڑا ہے مزید یہ راستے بند کر دیئے ۔انہوںنے کہا کہ پاکستانی حکمرانوں کا پروٹوکول ملکہ برطانیہ سے زیادہ ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سکیورٹی تحفظات کے باوجود ایسا لائحہ عمل اختیار کرنا ہو گا جس سے عام لوگوں کو پریشانی نہ ہو ۔کم از کم مریضوں کو ایسی صورتحال سے ضرور بچانا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ صدر کی طرح ایک عام شہری کی جان بھی قیمتی ہے۔انہوں نے کہا کہ صدر کو چاہئے کہ وہ اپنے سٹاف کو ہدایت دیں کہ وہ ایسے انتظامات کرے کہ شہریوں کیلئے یہ دورہ زحمت نہ بن جائے۔
اس موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ اس واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔