نواز شریف ملک کے اتحاد کا نشان ، وزیر اعظم پاکستان کو پوری قوم کی حمایت حاصل ہے: فاروق حیدر

مظفرآباد

مظفر آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن ) وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہا ہے کہ نواز شریف ملک کے اتحاد کی علامت ہیں انہیں پوری قوم کا اعتما دحاصل ہے ،انہیں عوام کے مسترد عناصر کے واویلے پر پاکستان کی خدمت سے نہیں روکا جا سکتا۔ میڈیا ساسی فنکاروں اور ہدایتکاروں کے بارے میں بھی قوم کو بتائے۔آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس بلا کر وزیر اعظم پاکستان کے حق میں قرارداد بھی منظور کی جائے گی۔

سندھ حکومت پاک سرزمین پارٹی کے کارکنان کے قاتلوں کو گرفتار کرے:رہنماپی ایس پی افتخارعالم
مظفر آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو ہٹانے کی کوششیں سی پیک کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہیں جسے پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہوگی۔ افواج پاکستان کو دہشتگردوں کا قلع قمع کرنے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔نواز شریف پاکستان میں جمہوریت اور مضبوط اقتصادی پاکستان کی علامت ہیں ، پاکستان اس وقت اندرونی اور بیرونی سازشوں سے گھیرا ہوا ہے ، اس وقت ملک کو سیاسی عدم استحکام کا شکار کیا گیا تو انارکی پھیلنے کا خطرہ پیدا ہو جائیگا۔مسلح افواج پاکستان کی جانب سے جاری آپریشن ردالفسادکی مکمل حمایت کرتے ہیں اس سے پاکستان کے اندر دہشتگردی کی کمرٹوٹی، نواز شریف ملک کے اتحاد کا نشان ہیں۔وزیر اعظم نواز شریف کی مسئلہ کشمیر پر بھرپور موقف کی وجہ سے بھارت کو سفارتی محاذ پر پسپائی اختیار کرنا پڑ رہی ہے،ایسے وقت میں جب وزیر اعظم پاکستان بھارت کو بیک فٹ پر لارہے ہیں اندرون ملک ان کے خلاف سازشوں کا جال بن دیا گیا ہے۔ فاروق حیدر کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کو ایک طرف ایل او سی پر بھارت کی جارحیت کا سامنا ہے ، افغانستان سے تعلقات کشیدہ ہیں ، ملک کے اندر دہشتگردی پھر سر اٹھانے لگی ہے جبکہ امریکی کانگریس میں بعض لابیاں پاکستان کو دہشتگردوں کی سرپرستی کرنے والا ملک ہونے کی قرارداد پیش کرنے کی تیاریاں کررہی ہیں۔ ایسے وقت میں جب قوم کو اتحاد و اتفاق کی ضرورت ہے ہمیں چند سیاسی بازی گروں نے آپس میں الجھانا شروع کر دیا ہے
وزیر اعظم آزادکشمیر کا کہنا تھا کہ یہ کسی بھی صورت میں پاکستان کے مفاد میں نہیں ہے کہ یہاں احتساب کے نام پر انتقام لیا جائے۔ ہم کبھی بھی احتساب کے مخالف نہیں ہیں نہ ہو سکتے ہیں۔ ہم سیاسی لوگ ہیں اور سیاسی طور پر ہی ہمارا مقابلہ کیا جائے۔ سازشوں کے ذریعے کسی بھی قسم کی تبدیلی لانے کی کوشش کی گئی تو پھر سخت مقابلہ ہوگا۔ میڈیا کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ سیاست کا لبادہ اوڑ ھ کر فنکاروں اور ہدایتکاروں کو پوری قوم کا نمائندہ نہ بنائے۔ نواز شریف قوم کے متفقہ لیڈر ہیں ان کو سائیڈ لائن کرنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں فاروق حیدر نے کہا کہ آئین سے بالا اقدامات سے گریز کیا جائے ، ایک اور سوال کے جواب میں وزیر اعظم نے کہا کہ احتساب کی آڑ میں شکار کھیلنے کی عادتیں ملک کیلئے زہر قاتل ثابت ہونگی۔