وزیر اعظم کے آزاد کشمیر کےلئے تاریخی ترقیاتی پیکیج کے اعلان نے آزاد خطہ کو خوشحالی کی راہ پر گامزن کر دیا ہے :راجہ شیر افگن
مظفر آباد (اے پی پی) پاکستان مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے جوائنٹ سیکرٹری راجہ شیر افگن نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان نے آزاد کشمیر کےلئے تاریخی ساز ترقیاتی پیکج کےاعلان سے آزاد خطہ کو خوشحالی کی راہ پر گامزن کر دیا جو آزاد کشمیر کے عوام کا حق تھا۔
تفصیلات کے مطابق راجہ شیر افگن کا یوتھ ونگ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وزیراعظم کے اس اعلان سے آزاد کشمیر مالیاتی بحران کی دلدل سے نکل جائےگا۔ مسلم لیگ ن کی حکومت نے وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان کی قیادت میں حکمرانی کا حق ادا کردیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف نے وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کر حکومت کے خلاف سازشوں میں مصروف عناصر کے خواب چکنا چور کر دئیے ہیں ۔راجہ محمد فاروق حیدر خان نے جس طرح آزاد کشمیر کے اندر ادارہ جاتی اصلاحات ،مالیاتی ڈسپلن اور گڈ گورننس کےلئے عملی اقدامات کر سلسلہ شروع کر رکھا ہے اس سے ریاست کے اندر تعمیر وترقی دوررس نتائج برآمد ہونگے ۔
ان کا کہناتھا کہ این ایف سی میں آزاد کشمیر کی نمائندگی اور وفاقی محصولات میں بڑا حصہ آزاد کشمیرسے مالیاتی بحران ہمیشہ کےلئے ختم کر دے گا۔ انہوں نے کہا کہ انٹرنیٹ 3Gاور 4Gکی سروس کی فراہمی آزاد کشمیر کے عوام کا حق تھا اور یہ حق بھی میاں محمد نواز شریف نے ہمیں دیا۔ راجہ شیر افگن نے مزید کہاکہ آزاد کشمیر کے 22حلقوں کےلئے کروڑوں کا ترقیاتی بجٹ محض ایک خواب تھا، جو ن لیگ کی حکومت نے پورا کیا ۔ ان حلقوں کےلئے وافر مقدار میں بجٹ سے عوام کی زندگیاں بدل جائیں گی جبکہ سی پیک میں آزاد کشمیر کی شمولیت سے یہاں ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔