جعلی عاملہ نے 4 ماہ کے بچے کو 75 ہزار روپے میں فروخت کردیا
مظفر گڑھ(ڈیلی پاکستان آن لائن)جعلی عاملہ نے دم کیلئے لائے گئے 4 ماہ کے بچے کو 75ہزار روپے میں فروخت کردیا۔نجی وی چینل جیو نیوز کے مطابق مظفر گڑھ میں بیمار بچے کی والدہ دم کرانے کیلئے عاملہ کے لئے پاس لے کر گئی جس کے بعد عاملہ نے بچے کو ہجرے میں دو گھنٹے تک رکھا جس کے بعد والدہ جب بچے کو لینے کیلئے گئی تو عاملہ نے کہا کہ ’بچہ اللہ کے پاس چلا گیا ہے،اگر گائے یا بچھڑا لے آؤ تو بچہ زندہ ہوجائے گا‘۔
جعلی عاملہ کی بات سن کر بچے کے والدین پولیس کو لے آئے جس کے بعد پولیس نے عاملہ مسرت اس کے شوہر وزیر،اسسٹنٹ عاملہ اور بچے کو خریدنے والے ڈاکٹر محمد علی اور اس کی بیوی سعدیہ کو گرفتارکرلیا۔تفتیش کے دوران جعلی عاملہ نے بتایا کہ اس نے بچے کو بے ہوشی کا انجکشن لگا کر ڈاکٹر کو75 ہزار روپے میں فروخت کردیا جس کے بعد بچے کو بازیاب کرالیا گیا ہے اور ملزمان کو حراست میں لیکر تھانے منتقل کردیا گیا ہے۔