مری : ہوٹل انتظامیہ کی من مانی کی کوریج کرنے والے میڈیا کے نمائندوں پر حملہ
مری(مانیٹرنگ ڈیسک )عید الفطر کی چھٹیاں ختم ہونے کے بعد بھی ہوٹل انتظامیہ کی جانب سے سیاحوں سے من مانے کرائے وصول کرنے کی کوریج کرنے پر ہوٹل انتظامیہ نے میڈیا کے نمائندوں کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا، وزیر اعلی پنجاب کی جانب سے واقعے کا نوٹس لیے جانے کے بعد سات ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق مری میں مختلف شہروں سے عید کی چھٹیاں منانے کے لئے آنے والے سیاحوں کی بڑے پیمانے پر آمد کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے ہوٹلز انتظامیہ کی جانب سے من مانے کرائے وصول کئے جا رہے ہیں اور آج بھی ہوٹل من و سلوی کی انتظامیہ نے فیصل آباد سے آئے ہوئے 2 سیاحوں کو کرائے کے تنازعے پر شدید تشدد کا نشانہ بنایا جس کی کوریج کے لئے جب میڈیا کی ٹیمیں وہاں پہنچیں تو متعلقہ ہوٹل کی انتظامیہ اور آس پاس کے قریبی دکانداروں نے ان پر چھریوں اور ڈنڈوں کی مدد سے حملہ کر دیا اورایک کیمرہ مین کو تشدد کا نشانہ بنانے کے ساتھ ساتھ اس کے کپڑے پھاڑ دیئے،ہوٹل انتظامیہ نے ایک اور نجی ٹی وی چینل کی ڈی ایس این جی کو بھی توڑ پھوڑ کا نشانہ بنایا اور دیگر شہروں سے آئے سیاحوں نے میڈیا اہلکاروں کو طاقتور انتظامیہ سے بچایا۔دوسری جانب سیاحوں کا کہنا ہے کہ ہوٹل انتظامیہ کی جانب سے1000 والے کمرے لئے 15 سے 20 ہزار روپے مانگے جا رہے ہیں جبکہ پانی کے لئے بھی اضافی پیسے وصول کئے جا رہے ہیں، اسکے علاوہ گاڑیوں کی پارکنگ کے لئے بھی مالکان سے 500 روپے تک وصول کئے جا رہے ہیں۔ میڈیا پر حملے کی خبر نشر ہونے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور وزیر قانون پنجاب رانا مشہود نے واقعے کا سخت نوٹس لےتے ہوئے انتظامیہ کو ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا جس کے بعد پولیس اور ٹی ایم اے انتظامیہ فوری طور پر حرکت میں آئی اور 7 ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا تاہم پولیس نے روایتی ملی بھگت کر تے ہوئے ہوٹل کے مالک کو بھاگنے کا موقع فراہم کیا، ہوٹل من و سلوی سیل کر کے اس کا سامان بھی اپنے قبضے میں لے لیا گیا ۔ دوسری جانب اسسٹنٹ کمشنر مری کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔