جھڑپوں ،سڑک کنارے نصب بم دھماکے میں سات سیکیورٹی اہلکار شہید ،20 دہشتگرد ہلاک ہوگئے
اورکزئی ایجنسی،باجوڑ(مانیٹرنگ ڈیسک )شاہین درہ میں شدت پسندوں کے ساتھ جھڑپ میں 20 دہشت گرد ہلاک جب کہ 6 سیکیورٹی اہلکار شہید اور 6 زخمی ہو گئے ہیں ۔دوسری جانب باجوڑ ایجنسی میں بارودی مواد کے دھماکے سے لیویز کا ایک اہلکار شہید اور دوسرا زخمی ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لوئر اوزکزئی ایجنسی کے علاقے شاہین درہ میں شدت پسندوں نے علی الصبح بھاری ہتھیاروں سے سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 6 اہلکار فرض کی ادائیگی کے دوران شہید جب کہ 6 مزید اہلکار زخمی ہو گئے ہیں ۔ سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 20 دہشت گرد بھی مارے گئے۔ سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ ابھی تک یہ معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ جھڑپ میں مارے جانے والے دہشت گردوں کا تعلق کس گروہ سے ہے۔سیکیورٹی حکام کا مزید کہنا ہے کہ جھڑپ میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کو فوری طور پر سنٹرل ملٹری ہسپتال ٹل منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق تحصیل ماموند کے علاقے”قمر سر“میں دو لیوی اہلکار سڑک کے کنارے نصب بارودی مواد کا نشانہ بنے جن میں سے ایک موقع پر ہی شہید ہوگیا جب کہ وسرے کو زخمی حالت میں نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ حملہ علاقے میں جاری آپریشن ضربِ عضب کے ردعمل میں سیکیورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ کئی ماہ سے جاری آپریشن ضرب عضب میں پاک فوج نے فقید المثال کامیابیاں سمیٹی ہیں جن کے باعث شدت پسند علاقہ چھوڑنے اور انتقاماً اس نوعیت کی بزدلانہ کاروئیاں کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔