مشکل وقت میں قوم کی پہچان ہوتی ہے، 18 دنوں میں پاکستانیوں کو قوم بنتے دیکھا: عمران خان
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ مشکل وقت میں قوم کی پہچان ہوتی ہے، 18 دنوں میں پاکستانیوں کو ایک قوم بنتے دیکھا ہے، سارے پاکستان میں لوگ آج سڑکوں پر نکلے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق عمران خان کا کہنا تھا کہ پولیس کی جانب سے شیلنگ اور لاٹھی چارج کے وقت بہت برے حالات تھے لیکن کارکنوں نے انتہائی منظم طریقے سے مقابلہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عام آدمی ہر جگہ ٹھوکریں کھا رہا ہے، نا تھانوں میں انصاف ملتا ہے اور نا ہی عدالتوں میں ، ہم نے ظالم کا مقابلہ اور مظلوم کے ساتھ کھڑے ہونا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار کو قتل کرنے والا پولیس اہلکار نہیں مل رہا، پولیس اہلکاروں نے غلط کام کیا تو ان کے ساتھ برابر کا سلوک ہو گا۔ عمران خان نے اسلام آباد کے ڈپٹی کمشنر شیر دل کو بھی ایف آئی آر میں درج نامزد کرنے کا اعلان کیا اور کہا ہے کہ مجاہد شیر دل نے پولیس کو نہتے لوگوں پر شیلنگ اورلاٹھی چارج کے احکامات جاری کئے، ایف آئی آر میں نام درج کرائیں گے اور قتل کی سزا دلوائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جب وہ کرکٹ کھیلتے تھے تو میچ ختم ہونے سے پہلے جیت کا اندازہ ہو جاتا تھا، میں کارکنان سے یہ کہنا چاہتا ہوں کہ جیت آپ کی ہو گی۔