پروفیسر اجمل کے بدلے 3 ساتھی رہا کرائے: ملا فضل اللہ
پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک) کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے سربراہ ملا فضل اللہ نے کہا ہے کہ پروفیسر اجمل خان کے بدلے میں 3 طالبان قیدیوں کو رہا کرایا گیا ہے ۔ نجی ٹی وی ڈان نیوز کے مطابق ملا فضل اللہ نے کہا ہے کہ پروفیسر اجمل خان کے بدلے میں رہا ہونے والے طالبان قیدی کسی قانونی کارروائی یا دستخط کے بغیر رہا کئے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی قید میں موجود باقی طالبان قیدیوں کی رہائی کیلئے تمام طریقے استعمال کئے جائیں گے اور اگر پروفیسر اجمل خان جیسے مزید لوگوں کو اغواءکرنا پڑا تو اس سے بھی دریغ نہیں کیا جائے گا۔ اپنے پیغام میں انہوں نے صحافتی اداروں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ میڈیا غلط خبریں چلا کر طالبان میں پھوٹ ڈالنا چاہتا ہے۔ ملک کی سیاسی صورتحال سے متعلق ملا فضل اللہ نے کہا کہ اسلام آباد میں 30 ہزار لوگوں نے حکومت کو یرغمال بنا لیا ہے جو حکومت کا بڑا امتحان ہے لیکن اس سے طالبان کا کام آسان ہو گیا ہے، پارلیمنٹ اور حکومت مکمل مفلوج ہیں، نہ چھوٹے جج کی بات مانی جارہی ہے نہ بڑے کی اور نہ ہی فوج کی۔
ملافضل اللہ نے کہا کہ پاکستان کی حکومت جلد ٹوٹنے والی ہے اور طالبان کیلئے یہ اچھا ہے کہ حکومت خود ہی ایسے حالات سے دوچار ہیں، طالبان کا کام آسان ہو گیا ہے۔