قابض بھارتی فورسزنے کشمیریوں کی زندگیاں اجیرن بنا دی ہیں:سید علی گیلانی
سرینگر (این این آئی)مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے قابض بھارتی فورسز کی طرف سے مقبوضہ علاقے کے اطراف واکناف میں لوگوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیریوں کو اپنے مذہبی تہوار بھی سکون اور اطمینان کے ساتھ منانے کا حق حاصل نہیں۔
بے نظیر بھٹو قتل کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری،استغاثہ گرفتار ملزمان پر جرم ثابت نہیں کرسکا
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی کا کہناتھا کہ جنوبی کشمیر کے اضلاع میں گھروں پر چھاپوں کا سلسلہ تیز کیا گیا ہے اور لوگوں کی زندگی اجیرن بنا دی گئی ہے۔ کشمیریوں کے تمام بنیادی حقوق سلب کر لیے گئے ہیں اور یہاں آئین و قانون نام کی کوئی چیز موجود نہیں ۔ انہوں نے دختران ملت کی چیئرپرسن آسیہ اندرابی اور ان کی ساتھی فہمیدہ صوفی پر لاگو کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ عدالت کی طرف سے کالعدم قرار دیے جانے کے باوجود انہیں رہا نہ کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ علالت کے باوجود خاتون رہنما کو دوبارہ جیل بھیج دینا کٹھ پتلی انتظامیہ کی سنگدلی کا عکاس ہے۔