حسن نواز کے بعد وزیر خزانہ اسحاق ڈار بھی جے آئی ٹی میں پیشی کیلئے جوڈیشل اکیڈمی پہنچ گئے
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار جے آئی ٹی کو بیان ریکارڈ کرانے کیلئے جوڈیشل اکیڈمی پہنچ گئے۔وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان انکی گاڑی چلا رہے تھےجو انہیں چھوڑ کر واپس روانہ ہو گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر اعظم نوازشریف کے چھوٹے صاحبزادے حسن نواز کی 3گھنٹے سے زائد پیشی کے بعد وزیر خزانہ اسحاق ڈار بھی فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی پہنچ گئے ۔جے آئی ٹی کی جانب سے اسحاق ڈار کو ضروری دستاویزات بھی ہمراہ لانے کی ہدایت کی گئی تھی۔
وزیر خزانہ اسحا ق ڈار کی جے آئی ٹی کے سامنے آج پہلی پیشی ہے ، کل وزیر اعظم کے بڑے صاحبزادے حسین نواز کی پیشی شیڈول ہے جبکہ 5جولائی کو مریم نواز کو طلب کیا گیا ہے جو اپنا بیان ریکارڈ کرائیں گی۔وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے جے آئی ٹی میں پیشی سے قبل آج وزیر اعظم نوازشریف سے ملاقات بھی کی ہے اور حدیبیہ پیپلز ملز سمیت جے آئی ٹی کے روبرو پیشی پر تبادلہ خیال کیا تھا۔