پٹھان کوٹ حملے میں پاکستانی حکومت یا ایجنسی کی سازش کے کوئی شواہد نہیں ملے،بھارت،پاکستان کا موقف درست ثابت ہوا:پاکستانی دفتر خارجہ
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی تحقیقاتی ایجنسی نے پٹھان کوٹ حملے میں پاکستان کو کلین چٹ دے دی ۔تفصیلات کے مطابق بھارتی چینل پر گفتگو کرتے ہوئے بھارتی تحقیقاتی ایجنسی کے سربراہ شرد کمار نے کہا ہے کہ پٹھان کو حملے میں پاکستانی حکومت یا ایجنسی کی سازش کے شواہد نہیں ملے ۔
پاکستان کے دفتر خارجہ نے اس پر ردعمل دیتے ہوئے کہاہے کہ پٹھان کوٹ حملے سے متعلق بھارتی تحقیقاتی ایجنسی این آئی اے کے ڈی جی کے بیان سے پاکستان کا موقف درست ثابت ہواہے ۔دفتر خارجہ کا کہناتھا کہ پاکستان پہلے روز سے پٹھان کوٹ حملے سے تحقیقات میں بھارت کے ساتھ تعاون کر رہاہے ،پٹھان کوٹ حملے کی تحقیقات کے حوالے سے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم بھارت گئی تھی اور ڈی جی این آئی اے کے بیان سے پاکستان کا موقف درست ثابت ہواہے ۔ترجما ن دفتر خارجہ کا کہناتھا کہ پاکستان ہمسایہ ممالک سے امن پسندی پر یقین رکھتاہے ۔
واضح رہے کہ پٹھان کوٹ میں دہشتگردوں نے 2جنوری 2016کو حملہ کیا جس میں بھارتی فورسز کے تین جوان جاں بحق ہوئے جبکہ 17گھنٹے کے طویل آپریشن کے بعد علاقے کو کلیئر کروایا گیا ۔بھارت کی جانب سے اس حملے کے بعد پاکستان پر بے بنیاد اور جھوٹے الزامات لگائے جاتے رہے لیکن ڈی جی این آئی اے نے بھارت کی جانب سے لگائے جانے والے جھوٹے الزامات کا بھانڈہ خود ہی پھوڑ دیاہے ۔