وزیراعظم نے خود کو احتساب کیلئے پیش کیا، مخالفین کی جانب سے بے جاتنقیدکے باوجود صبر کا دامن نہیں چھوڑا: طارق فضل چودھری
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)مسلم لیگ ن کے رہنما طارق فضل چودھری نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے خود کو احتساب کیلئے پیش کیا اور مخالفین کی جانب سے کی جانیوالی تنقید کے باوجود صبرکا دامن نہیں چھوڑا۔
تفصیلات کے مطابق طارق فضل چودھری کاپریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت آئین و قانون کی تابع ہے ، جب بھی ہم سے کوئی سوال کیا جاتا ہے توہم آپ کی طرح حقائق کے پیچھے چھپنے کی بجائے اس کا جواب دیتے ہیں کیونکہ ہم آئین کی سربلندی چاہتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کے دائرہ کار کو چیلنج کیا ،وزیراعظم بھی ایسا کرسکتے تھے لیکن انہوں نے نہیں کیا ،انہوں نے اپنے تمام حقوق چھوڑ کر خود کو احتساب کیلئے پیش کردیا۔خان صاحب اگر دوسروں کا احتساب مانگتے ہیں تو خود کو بھی حساب دینا ہوگا لیکن اب چیئرمین پی ٹی آئی قانونی تکنیک کے پیچھے چھپنے کی کوشش کررہے ہیں اور اداروں پر بے جا تنقید کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ جب الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے حق میں فیصلہ کیاتواچھاہوگیا اور اگر مخالف فیصلہ دیدیا تو تنقید کاسامنا کرنا پڑا، عمران خان حقائق وشواہدکاسامنا کرنے کیلئے تیارنہیں ہیں جبکہ غیرملکی فنڈنگ میں تحریک انصاف نے جواب نہیں دیاوہ خود کو احتساب کے لئے پیش کریں۔