چین نے مولانا مسعود اظہر کو عالمی دہشتگرد قرار دینے کی بھارتی قرار داد ویٹو کردی
نیو یارک (ڈیلی پاکستان آن لائن) چین نے ایک بار پھر پاکستان سے دوستی کا حق ادا کردیا، اقوام متحدہ میں مولانا مسعود اظہر کو عالمی دہشتگرد قرار دینے کی بھارت کی جانب سے پیش کی گئی قرار داد ویٹو کردی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق بھارت نے سلامتی کونسل کے مستقل ارکان امریکہ، فرانس اور برطانیہ کی مدد سے جیش محمد کے سربراہ مولانا مسعود اظہر کو عالمی دہشتگرد قرار دینے کی قرار داد پیش کی۔ قرار داد سلامتی کونسل کی القاعدہ پر پابندیوں کی کمیٹی میں پیش کی گئی جسے چین نے سلامتی کونسل ارکان میں اتفاق رائے نہ ہونے کے باعث ویٹو کردیا۔
رواں سال اگست میں بھی چین نے ویٹو پاور سے اس قرارداد کو روکا تھا، اس سے قبل فروری میں بھی ایسی قرارداد آئی تھی اور چین نے اس پر اتفاق رائے نہ ہونے کا کہہ کر مسترد کر دی تھی۔ چین مسلسل دو برس سے اس جیسی قراردادوں کو روک رہا ہے چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ قرار داد پر تکنیکی نکات اٹھاتے ہوئے اسے روکا ہے اور چین بھارت اور دوسرے ممالک کی طرف سے ایسی قراردادوں کا راستہ روکتا رہے گا۔
گزشتہ سال مارچ میں بھی سلامتی کونسل کے 15 میں سے 14 ارکان مولانا مسعود اظہر کو دہشتگرد قرار دینے پر متفق تھے تاہم چین نے ویٹو کرکے یہ قرار داد مسترد کردی تھی۔