بیورو کریسی میں بڑے پیمانے پر تقرر و تبادلے، پنجاب کو بھی چیف سیکرٹری مل گیا
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) نگران وزیراعظم نے الیکشن کمیشن کی ہدایت پر ملک بھر میں اعلیٰ سطح کے 76 افسران کے تقرر و تبادلے کر دیئے ہیں جبکہ آج دن کو متعدد وفاقی سیکرٹریوں کے محکمے بھی تبدیل کر دیئے جائیں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سپیشل سیکرٹری کابینہ شاہد اللہ بیگ کو سیکرٹری پیداوار، محمد ارشاد بھٹی کو گریڈ 22 میں ترقی دینے کے بعد سیکرٹری مواصلات تعینات کیا گیا ہے۔ محمد اعجاز چودھری سیکرٹری سرمایہ کاری بورڈ، جاوید اقبال چیف سیکرٹری پنجاب، امجد نذیر سیکرٹری سیفران ، شاہد رشید سیکرٹری انفارمیشن و ٹیکنالوجی، ناصر کھوسہ وفاقی سیکرٹری خزانہ ، محمد شہزاد ارباب سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن، شفقت نغمی سیکرٹری کیڈ، گریڈ 22 کے افسر ظفر محمود سیکرٹری پیداوار،شاہد رشید سیکرٹری آئی ٹی اور منظور علی خان کو گریڈ 22 میں ترقی دے کر سیکرٹری پارلیمانی امور تعینات کیا گیا ہے۔ پانی و بجلی کے سیکرٹری احمد رائے کو عہدے سے ہٹا کر ان کی جگہ انوار احمد کو تعینات کیا گیا ہے جبکہ رفعت شاہین، ظفر قادر اور رائے سکندر کو او ایس ڈی بنا دیا گیا۔ سیکرٹری پانی و بجلی اورکیڈ کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ تیمور عظمت عثمان کو ان کے عہدے سے ہٹا کر چیف سیکرٹری سندھ اور چیف سیکرٹری سندھ راجہ عباس کو سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ تعینات کئے جانے کا امکان ہے۔