پاکستان میں کچھ لوگ داعش سے وفاداری چاہتے ہیں، داعش القاعدہ سے بھی بڑانام ، طالبان داعش میں شامل ہوسکتے ہیں: راحیل شریف
راولپنڈی ، لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) پاک فوج کے سپہ سالار جنرل راحیل شریف نے کہاہے کہ داعش القاعدہ سے بڑا خطرہ ہے لیکن اس کا سایہ بھی پاکستان پر نہیں پڑنے دیں گے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق جنرل راحیل شریف نے کہا کہ اسلام آباد میں کچھ لوگ داعش کے لیے نرم رویہ رکھتے ہیں اوراس سے وفاداری کا اظہار کرنا چاہتے ہیں جو ایک خطرناک رویہ ہے اور یہ بہت خطرناک صورتحال ہے اور اس سے نمٹنا امریکہ کے نائن الیون کے بعد القاعدہ سے نمٹنے سے بھی بڑا چیلنج ہے، القاعدہ بڑا نام تھا مگر داعش اس سے بھی بڑا نام ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغان طالبان کو مذاکرات کی میز پر واپس نہ لایا گیا تو وہ داعش سے اتحاد کر سکتے ہیں، اس لیے افغانستان میں مصالحت بہت ضروری ہے اور اگر یہ ٹھیک طرح سے نہ کیا گیا تو طالبان کے بعض دھڑے داعش میں شمولیت بھی اختیار کرسکتے ہیں۔
آرمی چیف راحیل شریف تین روزہ دورہ برطانیہ کے بعد وطن واپس پہنچ گئے۔ آرمی چیف نے اپنے دورے کے دوران وزیر خارجہ اور وزیر داخلہ سمیت اعلیٰ برطانوی سول و فوجی حکام سے سے ملاقاتیں کیں اور برطانیہ کی تھرڈ آرمڈ ڈویڑن کا دورہ کیا۔ علاوہ ازیں آرمی چیف نے رائل یونائیٹڈ سروسز انسٹی ٹیوٹ فار ڈیفنس اور سیکیورٹی سٹڈیز میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ داعش القاعدہ سے بڑا خطرہ ہے لیکن اس کا سایہ بھی پاکستان پر نہیں پڑنے دیں گے۔