جو کہانی پاناما سے شروع ہوئی وہ اقامہ پر ختم ہوئی ،میں اس نیب عدالت کو نہیں مانتا، کیپٹن (ر)صفدر
مانسہرہ (ڈیلی پاکستان آن لائن )رکن قومی اسمبلی کیپٹن(ر)صفدر نے کہا ہے کہ جو کہانی پاناما سے شروع ہوئی وہ اقامہ پر ختم ہوئی ،میں اس نیب عدالت کو نہیں مانتا، نواز شریف کے خلاف سازش کی گئی ،یہ ہمارے اور قائداعظم کے پاکستان کے خلاف سازش ہے اور اسرائیل،بھارت کی پاکستان کیخلاف سازش کو عمران پایہ تکمیل تک پہنچا رہے ہیں، اگر میں جیل گیا تو پھر میرا بیٹا آئے گا ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ن کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ کیپٹن (ر)صفد ر کا کہنا تھا کہ میں اس نیب عدالت کو نہیں مانتا جو قانون کی بجائے غیر وں کے اشاروں پر کام کرتا ہو۔ میاں نواز شریف کے خلاف سازش ہو رہی ہے اور یہ سازش ہمارے اور قائد اعظم کے پاکستان کے خلاف گھناؤنا کھیل کھیلا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل اور بھارت کی بنی ہوئی سازش کو عمران خان تکمیل تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی ارکان ایسے بیٹھے تھے جیسے کسی زیارت پر مجاوربیٹھے ہوتے ہیں، جے آئی ٹی والوں نے کہا میں جھوٹا ہوں اگر جے آئی ٹی ارکان نے غلط لکھا ہے تو خدا ان سے پوچھے گا، اگر میں جھوٹا ہوں تو خدا مجھے پکڑے گا۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں انصاف ہوتا دکھائی نہیں دے رہا کیا پتا اگلا سال ہمارا جیل میں ہواور اگر ا میں جیل میں ہوا تو پھر میرا بیٹا آگے آئے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں معلوم ہے کہ عوام کی خدمت کرنا کوئی آسان کام نہیں ہے لیکن پھر بھی ہم اس سب کے لئے تیا ر ہیں ۔ انہوں نے کہ یہ ایسے ہی جیسے 302 کا پرچہ تو کٹا،ثبوت نہ ملا تو بکری چوری کا پرچہ کاٹ دیاگیا ۔