شکست خوردہ سیاسی عناصر آج جو بیج رہے ہیں اس پر کل انہیں پشیمانی کا سامنا کرنا پڑے گا:شہبازشریف

شکست خوردہ سیاسی عناصر آج جو بیج رہے ہیں اس پر کل انہیں پشیمانی کا سامنا کرنا ...
شکست خوردہ سیاسی عناصر آج جو بیج رہے ہیں اس پر کل انہیں پشیمانی کا سامنا کرنا پڑے گا:شہبازشریف

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ محمد نوازشریف کی قیادت میں ملک کی ترقی کے شاندار ریکارڈ قائم کئے ہیں، توانائی، انفراسٹرکچر، معیشت، صحت اورتعلیم کے شعبوں میں خاطر خواہ ترقی ہمارے کریڈٹ میں ہے، محمد نوازشریف کے دور کے ترقیاتی منصوبے شفافیت، معیار اور رفتار کا شاہکار ہیں، محمدنوازشریف ووٹ کی طاقت سے وزیراعظم بنے اورعوام کے دلوں پر راج کیا ہے،محمدنواز شریف آج بھی مقبول ترین لیڈر ہیں اورہمیشہ رہیں گے، تنقید کرنیوالے پہلے اپنے صوبے پرنظر ڈالیں اورپھر بات کریں، ناقدین کو علم ہے کہ پنجاب کارکردگی کے لحاظ سے بہت آگے ہے،شکست خوردہ سیاسی عناصر آج جو بیج رہے ہیں کل ان کو اس پرپشیمانی کا سامنا کرنا ہوگا۔
وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالا ت کا اظہار ملکی صورتحال پر اپنے ایک بیان میں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے ہمیشہ قومی مفادات کو فوقیت دی ہے اور سیاست میں ہمیشہ تعمیری و مثبت سوچ اپنائی ہے ۔ جمہوریت کے فروغ اور استحکا م کیلئے مسلم لیگ (ن) نے ہر اول دستے کا کردارادا کیا ہے ۔ ملک کی تیزرفتارترقی اورعوام کی فلاح وبہبود مسلم لیگ(ن) کا نصب العین ہے ۔ن لیگ نے شفافیت اورتیزی سے منصوبے مکمل کرنے کے ریکارڈ قائم کیے ہیں اور سیاسی مخالفین نے دروغ گوئی اوربے بنیاد الزامات لگانے کے عالمی ریکارڈ بنائے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بعض شکست خوردہ سیاسی عناصر ملک کو ترقی کی پٹری سے اتارنے کے درپے ہیں۔ جھوٹ اورمنافقت کی سیاست کرنیوالوں کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔ شارٹ کٹ سے اقتدار میں آنے کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے ہم پر اعتماد کیا ہے اور ہم ان کے اعتماد پر پورااتریں گے ۔وطن عزیز کو خوب سے خوب تر بنائیں گے۔ ہماری ہر سانس اور ہر قدم ملک کی ترقی اورعوام کی خدمت کیلئے وقف ہے۔ انہوں نے کہا کہ باشعور عوام منافقت اور جھوٹ پرمبنی منفی سیاست کرنے والے عناصرکو آئینہ دکھا چکے ہیں۔ دھرنے اور لاک ڈاؤن کرنیوالے ان سیاستدانوں نے پاکستان کی ترقی کا سفر روکنے کی ناپاک سازش کی اور ملک کو بے پناہ نقصان پہنچایا اورقوم کا قیمتی وقت ضائع کیا ۔ ذاتی مفادات کو ملکی مفادات پر ترجیح دینے والے سیاستدان ملک کی تقدیر سے کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منفی سوچ کے حامل سیاستدانوں کو سمجھنا چاہیئے کہ سیاست ملک اورعوام کی خدمت کانام ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ دھرنا پارٹی کامنفی انداز سیاست ملک وقوم سے دشمنی کے مترادف ہے۔ یہ مایوس عناصرکئی مرتبہ ملک کی ترقی کو ڈی ریل کرنے کی گھناؤنی سازش کر چکے ہیں اور ذاتی انا اور ضدمیں ملکی مفادات کو یکسر فراموش کر بیٹھے ہیں۔ غریب عوام کی خوشحالی کے سفر میں رکاوٹیں کھڑی کرنیوالے سیاستدان کسی صورت پاکستان کے خیرخواہ نہیں ہو سکتے۔ قوم نے افراتفری پھیلانے کی ایسی سیاست کو پہلے بھی مسترد کیا اور آئندہ بھی ایسی تخریبی سیاست کو دفن کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نیا پاکستان بنانے کیلئے مثبت تبدیلی کھوکھلے نعروں سے نہیں آتی بلکہ عوام کی خدمت کیلئے مٹی سے مٹی ہونا پڑتا ہے۔دھرنا پارٹی نے اس صوبے کا برا حال کردیا ہے جہاں انہیں عوامی خدمت کا مینڈیٹ دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ دھرنے دینے والے اور کرپٹ عناصر ملک کی خاطر ہوش کے ناخن لیں اور ملک کی تقدیر سے مت کھیلیں۔دھرنوں اور کرپٹ عناصر کو عوام نے رد کیا اور آئندہ بھی شکست ان کا مقدر ہو گی۔

مزید :

قومی -