جماعت اسلامی کا امریکی فیصلے کیخلاف کل ملک گیر احتجاج کااعلان

قومی

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)امیر جماعت اسلامی پاکستان نے ٹرمپ کی طرف سے القدس کو اسرائیل کا دارالخلافہ قرار دینے کے امریکی فیصلے کیخلاف کل 8 دسمبر بروز اتوار کو  ملک گیر احتجاج کااعلان کردیا۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے ٹرمپ کی طرف سے القدس کو اسرائیل کا دارالخلافہ قرار دینے کے خلاف 8 دسمبر بروز جمعہ ملک گیر یوم احتجاج کی اپیل کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان سے مطالبہ کیاہے کہ ترکی کے صدر رجب طیب اردگان کی طرف سے 13 دسمبر کو بلائے گئے او آئی سی کے اجلاس میں شرکت کریں اور اس معاملے پر مسلم ممالک کو متحد کرنے کی کوششوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں ۔ انہوں نے کہاکہ بیت المقدس پر یہودی قبضے کو مضبوط کرنے کے امریکی منصوبے کی ناکامی کے لیے امت مسلمہ کا ایک پیج پر ہونا ضروری ہے جس میں پاکستان کا کردار نمایاں ہونا چاہیے ، ٹرمپ کی طرف سے القد س کو اسرائیل کا دارالخلافہ قرار دینا جلتی پر تیل ڈالنے کے مترادف ہے ، ٹرمپ کے اعلان نے عالمی امن کو خطرے میں ڈال دیاہے ، ٹرمپ دنیا کو عالمی جنگ کی آگ میں جھونکنا چاہتاہے تاکہ امریکہ میں اپنی تیزی سے گرتی ہوئی ساکھ کو بہتر بناسکے اور اسے امریکہ میں موجود یہودی لابی کا اعتماد اور سرپرستی حاصل رہے ۔

سراج الحق نے کہاکہ مسلم دنیا کے حکمرانوں کو متحدہو کر اس پر اپنا مشترکہ لائحہ عمل دینا چاہیے ۔ سینیٹر سراج الحق نے ملک کی دینی و سیاسی قیادت کو بھی اپنے باہمی اختلافات کو ایک طرف رکھتے ہوئے قبلہ او ل پر یہودیوں کے مستقل قبضہ کی سازشوں کے خلاف متحد ہونے کی ضرورت پر زور دیا اور ملک بھر کے علماءو خطیب حضرات سے اپیل کی وہ اپنے خطابات جمعہ میں بیت المقدس کی اہمیت کو واضح کریں اور امریکی اشتعال انگیزیوں کے خلاف منبر و محراب سے آواز بلند کریں ۔ سینیٹر سراج الحق نے قوم سے اپیل کی کہ یوم احتجاج کے مظاہروں ، ریلیوں اور جلسے جلوسوں میں بھر پور شرکت کرکے اپنا دینی و اخلاقی فرض پورا کریں ، یہ کوئی علاقائی مسئلہ نہیں ، پوری امت مسلمہ اور انسانیت کا مسئلہ ہے ، ہمیں خوشی ہے کہ ٹرمپ کے اس فیصلے کی مذمت چین ، فرانس ، برطانیہ اور دیگر یورپی و مغربی ممالک بھی کر رہے ہیں ، ضرورت ہے کہ فوری طور پر اسلامی کونسل کا اجلاس بلا کر امریکہ کے اس فیصلے کے خلاف بھر پور آواز اٹھائی جائے تاکہ دنیا کو ایک تباہ کن عالمی جنگ سے محفوظ رکھا جاسکے

ڈیلی پاکستان کے یو ٹیوب چینل کو سبسکرائب کرنے کیلئے یہاں پر کلک کریں