ملک کی معروف روحانی شخصیت ،سلسلہ نقشبندیہ کے شیخ اور تنظیم الاخوان کے سربراہ مولانا محمد اکرم اعوان انتقال کر گئے

ملک کی معروف روحانی شخصیت ،سلسلہ نقشبندیہ کے شیخ اور تنظیم الاخوان کے سربراہ ...
ملک کی معروف روحانی شخصیت ،سلسلہ نقشبندیہ کے شیخ اور تنظیم الاخوان کے سربراہ مولانا محمد اکرم اعوان انتقال کر گئے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)سلسلہ نقشبندیہ کے شیخ ،ملک کے ممتاز عالم دین ،صوفی بزرگ اور تنظیم’’ تحریک الاخوان‘‘کے سربراہ مولانا محمد اکرم اعوان 83 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ،مولانا محمد اکرم اعوان گذشتہ چند روز سے علالت کے باعث اسلام آباد کے پمز ہسپتال میں زیر علاج تھے کہ آج اپنے خالق حقیقی سے جا ملے ،ان کی نماز جنازہ کل (بروز جمعہ )بعد نماز جمعہ ان کی خانقاہ ’’دارالعرفان منارہ‘‘ ضلع چکوال میں ادا کی جائے گی ۔

یہ بھی پڑھیں:بیت المقدس زمین صرف خطہ زمین نہیں بلکہ یہ مسلمانوں کے لئے سرخ لکیر ہے: شہباز شریف

تفصیلات کے مطابق معروف صوفی بزرگ اور سلسلہ نقشبندیہ کے شیخ مولانا محمد اکرم اعوان 31 دسمبر 1936 میں ضلع چکوال کے گاؤں نور پور سیتھی میں پیدا ہوئے ، ابتدائی تعلیم کے دوران ہی ان کی طبیعت تصوف کی طرف مائل ہو گئی جس کے بعد انہوں نے اپنی پوری زندگی تصوف اور دینی علوم کے حصول اور ترویج میں گذار دی ،ملک کے دینی حلقوں اور خصوصا پاک فوج میں ان کا خاصا اثر رسوخ پایا جا تا تھا جبکہ کئی فوجی جرنیل اور اعلیٰ افسران ان کے حلقہ ارادت میں شامل تھے ۔مولانا محمد اکرم اعوان نے ’’اکرم التراجم ‘‘ کے نام سے قرآن مجید کا آسان فہم زبان میں ترجمہ اور ’’اکرم التفاسیر ‘‘ کے نام سے سادہ زبان میں قرآن پاک کی تفسیر لکھی جسے دینی اور عام حلقوں میں بے پناہ پذیرائی حاصل ہوئی  جبکہ مختلف دینی و معاشرتی مسائل پر بھی انہوں نے کئی کتابیں تصنیف کیں ۔مولانا محمد اکرم اعوان کو شعر و شاعری سے بھی خاصا شغف اور گہری دلچسپی تھی جبکہ انہوں  نے متعدد سفر نامے، حمد و نعت  کی کئی کتابیں بھی لکھی ۔مولانا محمد اکرم اعوان نے ملک کے سیاسی ،معاشرتی اور عدالتی نظام کی اصلاح کے لئے 1993 میں ’’ تنظیم الاخوان ‘‘ نامی تحریک کی بنیاد رکھی جس کا مشہور نعرہ ’’رب کی دھرتی ،رب کا نظام ‘‘ زبان زد عام رہا ۔یاد رہے کہ ملک میں اب تحریک انصاف اور ڈاکٹر طاہر القادری کو دھرنوں کا بانی سمجھا جاتا ہے تاہم 2000 میں مولانا محمد اکرم اعوان نے اپنے ہزاروں ساتھیوں کے ہمراہ دار العرفان منارہ میں مسلسل ایک ماہ تک خیمہ زن رہے اور ملک گیر شہرت حاصل کی ۔مولانا محمد اکرم اعوان کی سب سے بڑی وجہ شہرت علما میں یہ تھی کہ وہ عملی طور پر ایک جفا کش اور عملی کاشت کار تھے ۔مولانا محمد اکرم اعوان کے انتقال کی خبر ملک بھر میں ان کے چاہنے والوں کو سوگوار کر گئی جبکہ ملک کے تمام دینی و علمی حلقوں نے مولانا محمد اکرم اعوان کے انتقال پر اپنے گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے ۔

ڈیلی پاکستان کا یو ٹیوب چینل سبسکرائب کرنے کے لیے یہاں کلک کریں

مزید :

قومی -